اردو سائنس بورڈ ، ’’نوجوانوں کیلئے کیریئر کے انتخاب کا مسئلہ‘‘کے موضوع پر لیکچر

اردو سائنس بورڈ ، ’’نوجوانوں کیلئے کیریئر کے انتخاب کا مسئلہ‘‘کے موضوع پر ...

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)اردو سائنس بورڈ کے زیراہتمام ’’نوجوانوں کے لیے کیریئر کے انتخاب کا مسئلہ‘‘کے موضوع پر ایک خصوصی لیکچر کاانعقادکیاگیا۔ لیکچرمیں مختلف سرکاری اورغیرسرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ وطالبات اوراساتذہ کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔ معروف اکیڈمک ٹریننگ کنسلٹنٹ فہیم نقوی نے کیریئر کونسلنگ پرمفید اوردلچسپ اندازمیں لیکچردیا۔اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹر ناصرعباس نیّر نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ اچھی اورمعیار ی تعلیم ہر بچے کابنیادی آئینی حق ہے۔ بچوں کو ایسی تعلیم دی جائے جو ان کی ذہنی نشوونما ، خوداعتمادی پیداکرنے کے ساتھ ساتھ ان کو زندگی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیارکرسکے اوربہترروزگارکے حصول میں مدددے سکے۔ والدین اوراساتذہ کیریئر پلاننگ کے اہم ترین مرحلے میں طلباپراپنے فیصلے ٹھونسنے کی بجائے ان کواپنی مرضی سے کیریئر کے انتخاب میں درست رہنمائی کریں۔ طلبا کو دورحاضر میں میسر اہم کیریئر زکے بارے میں مکمل طورپر باخبر رہناچاہیے۔ڈاکٹر ناصرعباس نے زوردیتے ہوئے کہاکہ طلبا کتابوں کے مطالعہ بالخصوص فکشن کے ذریعے اپنے تخیل میں وسعت اورجدت پیداکریں۔ فہیم نقوی نے کیریئر کونسلنگ کے حوالے سے اپنے لیکچر میں کہا کہ کیریئر معاشرے میں عزت ، روزی کمانے کا ذریعہ، اپنے شعبہ میں مہارت حاصل کرنے اور نام کمانے کانام ہے۔ گیارہ سے اٹھارہ سال کی عمر کیریئر کونسلنگ کا بہترین وقت ہے۔ پڑھائی میں محنت اورکتاب سے محبت کرنے والے مستقبل میں رہبر اورکامیاب انسان بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبا اپنی نصابی کتب کے علاوہ مختلف موضوعات پر دیگر مفید کتابوں کالازمی مطالعہ کریں، گرامر پر زیادہ توجہ دینے کی بجائے اپنے ذخیرہ الفاظ میں اضافہ کریں اورجسمانی فٹنس پربھی خصوصی توجہ دیں۔ مستقبل میں سائنس، ٹیکنالوجی ، انجینئرنگ اورریاضی کے شعبوں میں ملازمتوں کے وسیع اوربہترین مواقع میسرہوں گے ۔ طلباروزگارکے ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنے مضامین میں بہترین تعلیم اورمہارت حاصل کریں۔ سائنس کورٹاکے ذریعے یادکرنے کی بجائے تجربات کی بنیادپر سیکھنے پر توجہ دیں۔ لیکچرمیں اردوسائنس بورڈ کے افسران جمیل احمد، زاہدہ حمید، زبیر بٹ کے علاوہ تسنیم جعفری، تحسین زہرااورنصراللہ نے بھی شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...