فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم اسلامی حکومتوں کی نااہلی کا ثبوت ہے، قاری زوار بہادر

فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم اسلامی حکومتوں کی نااہلی کا ثبوت ہے، قاری ...

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ علامہ قاری محمد زواربہادر ، ڈاکٹر جاوید اعوان،محمد ہاشم صدیقی ایڈووکیٹ،محمد ایوب مغل،حافظ نصیر احمد نورانی اور مفتی تصدق حسین نے کہا ہے کہ تل ابیب سے بیت المقدس امریکی سفارتخانہ منتقل کرنے کے خلاف نہتے فلسطینیوں کے احتجاج پر اسرائیلی افواج کی وحشیانہ اور ظالمانہ فائرنگ سے 16 معصوم بچوں سمیت 60 فلسطینیوں کی شہادت اور 2500 افراد کے زخمی ہونے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم اسلامی حکومتوں کی نااہلی اور بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے اسرائیلی افواج کو ظلم و بربریت سے روکنے والا کوئی نہیں آج اُمت مسلمہ کو کسی صلاح الدین ایوبی، محمود غزنوی اور محمد بن قاسم کی ضرورت ہے مگر 60 کے قریب مسلم حکمرانوں میں تمام اسلامی غیرت اور حمیت سے خالی ہیں۔رہنماؤں نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ بھی فلسطینی مسلمانوں کے قتل عام میں برابر کی شریک ہے۔نام نہادانسانی حقوق کے علمبردارامریکہ اور یورپ کا کتا بھی مر جائے تو یہ دنیا میں ہنگامہ کھڑا کر دیتے ہیں یہاں ہزاروں مسلمانوں اور معصوم بچوں کا خوں بہایا جا رہا ہے اور وہ اسرائیلی ظالموں اور دہشت گردوں کے پشت پناہ بنے ہوئے ہیں عالم اسلام کو اقوام متحدہ کا بائی کاٹ کر دینا چاہیے یہ مسلمان اور اسلام دشمن ادارے ہیں اب تک16 سو سے زائد مظلوم فلسطینی عورتیں ،بچے اور نہتے عوام شہید کیے جاچکے ہیں اس پر عالم اسلام کے حکمرانوں کی خاموشی مجرمانہ غفلت ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج عالمی اسلام کی فوج ہے اس لئے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو فلسطینی عوام اور بچوں کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ اگر عالم اسلام اسرائیلی بربریت کے خلاف کچھ کرنے سے قاصر رہے تو فلسطینی عوام کا زندہ رہنا مشکل ہو جائے گا۔ اس وقت اُمتِ مسلمہ میں قیادت کافقدان ہے جس کی وجہ سے مصر سے شام تک اور کشمیر سے فلسطین تک مسلمانوں کا خو ن بہہ رہاہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1