حکومت جنگلات کے انتظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے،زمرد یاسمین

حکومت جنگلات کے انتظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے،زمرد یاسمین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ ن کی سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر زمرد یاسمین رانا نے کہا ہے کہ حکومت جنگلات کے انتظام کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ اسی طرح موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اس مقصد کے لئے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق قومی پالیسی اور فریم ورک تشکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے قومی گرین ڈے منانے کا اعلان ایک تاریخی اقدام ہے۔ اس سے ماحولیات کے تحفظ اور فروغ کے لئے راہ ہموار ہوگی انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کا سبب بننے والی گیسوں کے اخراج کے حوالے سے پاکستان کا دنیا میں 135 واں نمبر ہے جبکہ ان سے پیدا ہونے والے اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ 10 ممالک میں شامل ہیں۔ موجودہ حکومت اسی تناظر میں ماحولیات کے تحفظ کے لئے تمام اقدامات کر رہی ہے۔اس پروگرام کے تحت مقامی اور روایتی پودوں کی شجرکاری کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں لوگوں کی ایندھن جیسی ضروریات کے پیش نظر جلد پروان چڑھنے والے پودوں اور درختوں کی شجرکاری کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس حوالے سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ گرین پاکستان پروگرام کے تحت شجرکاری کے علاوہ صوبے اپنے طور پر بھی پودے لگا رہے ہیں۔

Back to Conversion Tool