پاکستان اور چائنا کی ترقی سی پیک اور گوادر سے وابستہ ہے، صادق سنجرانی

پاکستان اور چائنا کی ترقی سی پیک اور گوادر سے وابستہ ہے، صادق سنجرانی

اسلام آباد (این این آئی)قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چائنا کی ترقی سی پیک اور گوادر کی ترقی سے وابستہ ہے ٗ چائنیز کمپنی گوادر میں 37 بلین روپے کی سرمایہ کاری کرے گی اور اگلے چھ ماہ میں فیکٹریاں لگانے کے کام کا آغاز کرے گی۔ یہ بات انہوں نے گوادر کے ایک روزہ دورے کے دوران گوادر کے عوام کیلئے پینے کے صاف پانی کے پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مقامی لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے۔ اس پلانٹ سے گوادر کے عوام کو دو لاکھ گیلن یومیہ پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا جبکہ چائنیز کمپنی کی مدد سے موجودہ پلانٹ کی استعداد کار تیس لاکھ گیلن تک بڑھانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پاکستان اور چائنا کے لئے اہم شہر ہے،یہاں کے عوام کو با عزت روزگار کی فراہمی کے لئے چائنیز کمپنی ٰ37 بلین روپے کی سرمایہ کاری کرے گی اور ا گلے چھ ماہ میں فیکٹریاں لگانے کا کام کا آغاز کرے گی جس سے 8 ہزار افراد کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر کہدہ بابر نے کہا کہ گوادر چائنا اور پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کی بنیاد ہے، گوادر کے بغیر ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ کامیاب نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر اور بلوچستان کے عوام کو شامل کئے بغیر ترقی محض ایک خواب ہی ہوگا ۔اس سے قبل قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی نے گوادر بندرگاہ کے احاطے میں قائم چائنیز ریڈ کریسنٹ ہسپتال کا دورہ کیا اس موقع پر قائم مقام صدر کو بتایا گیا کہ 9 چائنیز ڈاکٹر یومیہ دو سو مریضوں کا چیک اپ کرتے ہیں اور انہیں صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرتے ہیں۔ قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی نے عمائدین شہر، چائنیز کمپنیوں کے نمائندوں اور گوادر پورٹ کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کی جس میں انہیں مختلف ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...