روہنگیا مسلمانوں پرمظالم کیخلاف قراردادمیں چین کی ترامیم پر امریکہ کی تنقید
واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) امریکہ نے چین پر بالواسطہ تنقید کی ہے کہ وہ میانمارکیخلاف روہنگیا مسلم اقلیت سے متعلق سلامتی کونسل کی کارروائی کو روکنے کی کوشش کررہا ہے، چین نے میانمار کیخلاف کارروائی کیلئے برطانیہ کی تیار کردہ قرار داد کی حمایت کی بجائے میانمار کے حق میں چند ترامیم تجویز کی تھیں، اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی نے چین کا نام لئے بغیر برطانوی مسودے میں ترامیم پر نا پسندیدگی کا اظہار کیا، تاہم چین روہنگیا میں ہونیوالے مظالم کیخلاف اقوام متحدہ کا ایک کمزور بیان تیار کرانے میں کامیاب ہوگیا۔ سکیورٹی کونسل نے ا پنے اجلاس میں میانمار اور بنگلہ دیش کیلئے سفارتی نمائندوں کے دو ہفتے کے دورے کے نتائج کا جائزہ لیا، سلامتی کونسل کے اجلاس میں مسلم ممالک کے علاوہ امریکہ نے میانمار میں روہنگیا مسلم اقلیت کا صفایا کرنے کی کارروائیوں کی سخت مذمت کی۔