راولا کوٹ ، لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی فائرنگ ، ایک شہر ی شہید

راولا کوٹ ، لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی فائرنگ ، ایک شہر ی شہید

راولاکوٹ(صباح نیوز)آزاد جموں اور کشمیر کے بٹل سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی)پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک پاکستانی شہری شہید ہوگیا۔مقامی پولیس کے عہدیدار محمد عزیز کے مطابق بٹل سیکٹر کے گاوں ڈارہ شیر خان میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے درخت کاٹنے والا 55 سالہ مظفر چوہدری زخمی ہوگیا۔فائرنگ کے واقعے کے بعد طبی امداد کے لیے مظفر چوہدری کو اہل خانہ کی جانب سے 7 کلو میٹر دور علاقے کے ہسپتال میں منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کی۔واضح رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔26 اپریل کو بھی بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے 2 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔18 مارچ کو بھی آزاد جموں اور کشمیر کے علاقے نکیال سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب سے بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 2 لڑکیوں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔یاد رہے کہ رواں برس اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین برائے بھارت اور پاکستان کے تین اہلکاروں کے لائن آف کنٹرول کے دورے کے دوران ان کو صورت حال سے آگاہ کرنے والے دو مقامی افراد کو بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کرتے ہوئے زخمی کردیا تھا تاہم اس حملے میں اقوام متحدہ کے اہلکار محفوظ رہے۔

شہری شہید

مزید : علاقائی