عوام نے دوبارہ منتخب کیا تو پشاور کو بھی لاہور بنا دینگے : شہباز شریف

عوام نے دوبارہ منتخب کیا تو پشاور کو بھی لاہور بنا دینگے : شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے اورپورے شہر کا حلیہ بگاڑ دیاگیا ہے۔عمران خان نیازی نے قوم سے جو وعدے کئے وہ جھوٹ ثابت ہوئے۔خان صاحب نے پہلے اعلان کیا کہ میں پشاور میں جنگلہ بس نہیں بناؤں گا لیکن پھر انہیں سوتے میں خیال آیا کہ جنگلہ بس کا منصوبہ بنایا جائے۔خان صاحب جس میٹروبس کو جنگلہ بس کہتے رہے ،اب انہوں نے وہی جنگلہ بس پشاور میں بنانا شروع کی ہے،اب جبکہ حکومت کی آئینی مدت ختم ہونے والی ہے لیکن یہ جنگلہ بس پشاور میں نہیں چل سکتی۔وہ آج خیبرپختونخواکے ضلع بٹگرام میں جلسے سے ٹیلی فونک خطاب کررہے تھے۔شہبازشریف نے آج بٹگرام جا کرجلسے سے خطاب کرنا تھا تاہم موسم کی خرابی کے باعث وہ بٹگرام نہ جاسکے۔محمد شہبازشریف نے اپنے ٹیلی فونک خطاب میں کہا کہ مجھے بٹگرام آنا تھا اورمیں بہت خوش تھاکہ آج کے پی کے کے بٹگرام میں آؤں گا اوراپنے ساتھیوں سے ملوں گا اورکچھ آپ کی باتیں سنو ں گاا ورکچھ اپنی باتیں سناؤں گااوربتاؤں گا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے کے پی کے عوام کے مسائل حل نہیں کیے بلکہ ان کا وقت ضائع کیا،منصوبے نہیں لگائے اورکے پی کے پانچ سال بعد اور پیچھے چلاگیا،لیکن موسم کی خرابی کے باعث میں آج نہیں آسکا ،انشاء اللہ جلد آپ سے ملنے آؤں گا۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوامیں بسنے والے پاکستان کے غیورعوام ہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نیازی نے پانچ برس قبل قوم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کریں گے اوراتنی بجلی پیدا کریں گے کہ نہ صرف پورے کے پی کے کو بجلی جائے گی بلکہ پورے پاکستان کو بجلی مہیا کروں گا،لیکن پانچ سال بعد صرف 74 میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے جبکہ دوسری پچھلی حکومت نے 80میگاواٹ کا بجلی کا جو منصوبہ لگایا تھا وہ 2016ء میں خراب ہوگیا۔پی ٹی آئی کی حکومت نے اس 80میگاواٹ بجلی کے منصوبے کی خرابی دور نہیں کی ،اس طرح پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے دور میں 6میگاواٹ منفی بجلی پیدا کی ہے۔جو شخص جھوٹے وعدے کرے اورعوام کو دھوکہ دے ،کیا اس کو عوام کی رہنمائی اورحکومت کرنے کا حق پہنچتا ہے ؟محمد شہبازشریف نے کہا کہ ایک ارب درخت لگانے کا دعویٰ بھی جھوٹ نکلا۔عمران خان نے ہر موقع پر جھوٹ بولا اورجھوٹ کے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ اگر اللہ تعالیٰ کو منظور ہوا تو ہم اگلے پانچ برس کے دوران کے پی کے کو پنجاب اور پشاور کو لاہور بنا دینگے ۔ہزارہ ،بٹگرام اوردیگر شہروں میں ترقیاتی کام کرائیں گے۔خیبر پختونخوامیں ہم تعلیمی ادارے، ہسپتال،سکول، یونیورسٹیاں بنائیں گے اورلاکھوں لوگوں کو روزگار دیں گے،وظیفے دیں گے،تعلیم دیں گے ،یہ تمام کام ہم کریں گے،میں انشاء اللہ جلد بٹگرام آؤں گا۔

شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے غزہ میں اسرائیلی فوج کی فلسطینیوں پر فائرنگ و بمباری کی شدید مذمت کی ہے۔ محمد شہبازشریف نے اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنیوالے فلسطینیوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمی ہونے والے فلسطینی شہریوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ محمد شہبازشریف نے کہا کہ اسرائیل فلسطین میں فوری طور پر خون کی ہولی بند کرے اور اس ضمن میں اقوام متحدہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم کا فوری نوٹس لے اور عالمی برادری اس سلسلے میں اسرائیل پر بھرپور دباؤ ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے بیت المقدس میں سفارتخانہ کھولنے سے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے مذہبی احساسات و جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں اور اس اقدام سے امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے کی بجائے ایک مرتبہ پھر قیام امن کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا ہے جبکہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی شہریوں کو بربریت کا نشانہ بنانا انسانیت سوز فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ فلسطینیوں کی حفاظت کیلئے مناسب اقدامات کرے اور فلسطین کے مسئلے کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دیکھا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ اول