فلسطینیوں کا قتل عام دردناک، اقوام متحدہ چارٹر پر عمل کرے، زرداری

فلسطینیوں کا قتل عام دردناک، اقوام متحدہ چارٹر پر عمل کرے، زرداری

اسلام آباد( این این آئی)سابق صدر مملکت اور سربراہ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے اسرائیل فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کو وحشیانہ عمل قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ گزشتہ روزایک بیان میں انکامزید کہنا تھا فلسطینی عوام اور بچوں کی شہادت انتہائی دردناک ہے، دنیا کی مہذب قومیں مظلوم فلسطینی عوام کا ساتھ دیں، اقوام متحدہ اسرائیلی بربریت کا نوٹس لے اور اپنے چارٹر پر سختی سے عمل کرے۔ سلامتی کونسل فلسطینی قوم کی خون ریزی روکنے میں اپنا کردار ادا کرے، شہید قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید فلسطین کیلئے بااثر آواز تھے، انہوں نے عالمی سطح پر فلسطین کے حق میں آواز بلند کی۔ آصف زرداری کاکہنا تھا پاکستان کے عوا م کا دل فلسطین کے عوام کیساتھ دھڑکتا ہے، فلسطینی عوام اور بچوں کے قتل عام پر پاکستان کے عوام غمگین اور رنجیدہ ہیں ،دریں اثناء سابق چیئر مین سینٹ اور رہنماپیپلز پارٹی میاں رضا ربانی نے بھی اسرائیلی فورسز کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر انسانیت سوز بربریت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے ہمیں اس وقت نہتے اور مظلوم فلسطینیوں کیساتھ کھڑا ہونا چاہیے،عالمی برادری مظالم روکنے کیلئے عملی اقدام ا ٹھائے ۔ ایسے میں انسانی حقوق کے علمبردار ممالک اور خاص طور پر مسلم ممالک کی طرف سے خاموشی انتہائی افسوسناک ہے۔ میرا دل خوفناک مناظر اور اسرائیلی مسلح افواج کی جار حیت دیکھ کر دہل گیا ہے، اسرائیل کی جانب سے قتل و غارت گری کا بازار گرم کرنا انسانی رواداری کی خلاف ورزی ہے ، اسے اجازت نہیں دینی چاہیے کہ وہ من مانی کرتا پھرے۔

مزید : صفحہ اول