تعلیمی اداروں کی سکیورٹی ،سکول انتظامیہ کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)محکمہ تعلیم سکول ایجوکیشن نے تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات کو مکمل کرنے کیلئے پنجاب کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دیں۔ہدایات پر عمل نہ کرنے والے سرکاری اور پرائیویٹ سکول مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ کی طرف سے پنجاب بھر کے پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں کی فول پروف سیکورٹی انتظامات کے لئے ایس او پیز جاری کرنے کے بعد محکمہ تعلیم سکول ایجوکیشن نے پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں کو سیکورٹی انتظامات مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے اس حوالے سے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب کے تمام اضلاع کے سی ای اوز کو نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے ۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام پرائیویٹ اور سرکاری تعلیمی ادارے محکمہ داخلہ کے ایس او پیز پر عمل کریں اور سکولوں میں ریزر وائر۔ بیرئرز اور واک تھرو گیٹس کی تنصیب مکمل کی جائے۔مراسلے میں یہ بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سکولوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب بھی مکمل کی جائے تا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی انتظامات میں سستی کرنے والے سکولوں کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔