عوام کی خدمت ،فلاح و بہبود حکومت کا منشور ہے،رفیق رجوا نہ

عوام کی خدمت ،فلاح و بہبود حکومت کا منشور ہے،رفیق رجوا نہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہو( نمائندہ خصوصی )گو رنر پنجا ب ملک محمد رفیق رجوا نہ نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت اور اُن کی فلاح و بہبود حکومت کا منشور ہے۔ سیاست کو عبادت اور خدمت خلق سمجھ کر کیا جائے تو دُنیا و آخرت میں سُرخرو ہوا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے مل کر کام کریں تو ملک ترقی کرے گا اور معیشت مضبوط ہوگی۔ 2013کے مقابلے میں آج کا پاکستان زیادہ خوشحال اور مستحکم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں صوبائی وزیر بلدیات منشاء اللہ بٹ کی زیر قیادت سیالکوٹ کی یونین کونسلزکے چیئرمین ، وائس چیئرمین کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بلدیاتی نظام جمہوریت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ موجودہ حکومت نے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا ہے تاکہ عوام کو درپیش بنیادی مسائل کو ہر صورت حل کیا جا سکے ۔ گورنر نے کہا کہ دُنیا میں سیالکوٹ کھیلوں کا سامان اور آلات جراحی کے حوالے سے اپنی علیحدہ شناخت رکھتا ہے اور اِن اشیاء کی برآمد سے کثیر زرِمبادلہ حاصل ہوتا ہے۔ گورنر نے کہا کہ سیالکوٹ کو موٹر وے سے منسلک کیا جارہا ہے جس سے تجارتی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ بعد ازاں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس ، لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبین نے ملاقات کی۔ اِس موقع پر رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر خالد خاں بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیم کے شعبے کی بہتری اور معیاری تعلیم کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے وائس چانسلر سے کہا کہ وہ کنٹریکٹ پر کام کرنے والے اساتذہ اور ملازمین کی تفصیلی رپورٹ انہیں پیش کریں۔۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبین نے گورنر پنجاب کو یقین دلایا کہ وہ ادارے کے معاملات کو بہتر بنانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں اور توانائیاں بروئے کار لائیں گی۔

مزید :

صفحہ آخر -