وسائل محدود اور مسائل لامحدود ، عوام کے مسائل کا احساس ہے : حمایت اللہ مایار

وسائل محدود اور مسائل لامحدود ، عوام کے مسائل کا احساس ہے : حمایت اللہ مایار

مردان ( بیورورپورٹ) ضلع ناظم حمایت اللہ مایار نے کہاہے کہ ضلعی حکومت اپنے محدود وسائل میں عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوششیں کررہی ہے۔انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ 30جون سے پہلے پراونشل فنانس کمیشن میں مردان کا جو حصہ بنتا ہے اسے ریلیز کردیں تاکہ عوام کے فلاح و بہبود کے لئے شروع کئے گئے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جاسکے۔وہ ضلعی حکومت کے زیر اہتمام پری بجٹ سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ فنانس افسر اینڈ پلاننگ ظہیر الدین بابر،ضلع کونسل کے اراکین طارق عزیز،ملک الیاس،نعیم انور،سجاد خان،اشتیاق خان،امانت مسیح،اسفندیار،شاہد باچا ،سیفٹی کمیشن کے چےئرمین عبد العزیز خان،پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر نصیر آفریدی،مرکزی تنظیم تاجران کے نمائندوں غلام سرور صراف،صاحبزادہ،عبد الزر،انجمن کاشتکاران کے صوبائی صدر نعمت شاہ روغانی،بیکرز ایسوسی ایشن کے صدر غلام حبیب سلارزئی اور دیگر نے بجٹ کے حوالے سے تجاویز دی۔ضلع ناظم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بجٹ میں سائنس ماڈلز کے لئے دو کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ آنے والے بجٹ میں جن طالبات سے سکولز دور ہو انہیں ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے لئے ایک کروڑروپے جبکہ طلباء کے لئے سائیکل خریدیں جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ یونین کونسل کی سطح پر نادار طلباء میں یونیفارم اور سٹیشنری کے لئے دس دس لاکھ روپے مختص کئے جائیں گے۔ضلع ناظم نے کہاکہ ملکی کی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے اور کاشتکاروں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ بجٹ میں زراعت کے لئے مختص رقم کاشتکاروں کے مشورے سے خرچ کی جائیگی۔انہوں نے کہاکہ تحصیل سطح پر سستا بازار بھی لگائے جائیں گے تاکہ عوام کو کم نرخ پر معیاری اشیاء مل سکے۔پری بجٹ سیمینار میں نصیر آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مردان میں سائنس میوزیم کی ضرورت ہے اس کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ملک الیاس نے تحصیل سطح پر سستا بازار منعقد کرنے اور ضلعی حکومت کی جانب سے اشیاء خوردونوش پر سبسڈی کے لئے رقم مختص کرنے کی تجویز دی۔غلام حبیب نے مردان کی سوغات بدایونی پیڑوں پر سبسڈی دینے کا مطالبہ کیا ۔نعمت شاہ روغانی نے گڑ کے لئے ضلعی سطح پر منڈی بنانے کی تجویز دی۔عبد الدیا ن نے مردان میڈیکل کمپلیکس میں ڈائیلیسز یونٹ بنانے کا مطالبہ کیا۔صاحبزادہ نے شارٹ سرکٹ اور دیگر وجوہات سے کاروبار کو پہنچنے والی نقصانات کے ازالے کے لئے فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...