مستونگ : کیڈٹ کالج میں طلبا پر تشدد ، ویڈیو وائرل ، پرنسپل گرفتار

May 16, 2018 | 12:27 PM

مستونک (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع مستونگ کے کیڈٹ کالج میں اساتذہ کی جانب سے طالبعلموں پر مبینہ تشدد اور مرغا بنا کر لاٹھی سے پٹائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متعلقہ کالج کے پرنسپل جاوید اقبال بنگش کو گرفتار کر لیا گیا ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مستونک کیڈٹ کالج میں اساتذہ کے طلبہ پر مبینہ تشدد کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوئی جس میں اساتذہ کا طالبعلموں کو مرغا بنا کر بری طرح تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے ۔ حکومت بلوچستان کے محکمہ کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق ایک اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو 3دن میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے گی ۔

تحقیقاتی کمیٹی کے چیئر مین ایڈیشنل سیکرٹری کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن حیات کا کڑ ہونگے جبکہ ڈپٹی کمشنر مستونگ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس مستونگ بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب کالج کے پرنسپل ، ذمہ دار اساتذہ اور متاثرہ طلبہ کو انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کیڈٹ کالج مستونگ کے پرنسپل کو معطل کر دیا۔ اس حوالے سے جاری کئے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ پرنسپل کو کالج میں بد انتظامی پر معطل کیا گیا۔ گورنر نے تشدد کے واقعہ سے متعلق انکوائری کمیٹی قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مزیدخبریں