ملک بھر میں بریک ڈاﺅن کے بعد بجلی جزوی طور پر بحال ہونے لگی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )تربیلا اور گڈو پاور پلانٹ میں فنی خرابی کی وجہ سے ملک میں بجلی کا بڑا بریک ڈاون ہوا اور مختلف شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔پنجاب اور خیبر پختونخوا مکمل طور پر بجلی سے محروم ہو گئے، گدو مظفر گڑھ ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کے باعث متعدد پاور پلانٹس ٹرپ کر گئے۔ترجمان پاور ڈیڑن کے مطابق اسلام آباد سمیت پشاور، مردان، ملتان اور فیصل آباد میں جزوی طور پر بجلی بحال ہو نا شروع ہوگئی جبکہ بریک ڈاون کی انکوئری کا حکم دے دیا گیا ہے۔
حکام نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاور پلانٹ کی جلد بحالی کے لیے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔سیکریٹری پاور ڈویڑن اور متعلقہ حکام نیشنل پاور کنٹرول سینٹر پہنچ گئے جب کہ این پی سی سی کے حکام کا کہنا ہے کہ پاور پلانٹ کی جلد بحالی کی کوشش کی جارہی ہے۔سوات میں صبح 10 بجے سے جبکہ لکی مروت، ملتان اور بہاولپور اور گرد و نواح میں صبح سوا 9 بجے سے بجلی کی سپلائی بند تھی۔چکوال اور اس کے گرد و نواح میں ساڑھے 9 بجے سے بجلی کی فراہمی بند ہے۔ترجمان پاور ڈویڑن کا کہنا ہے کہ کراچی، بلوچستان اور سدرن پنجاب میں صورت حال ٹھیک ہے، عارضی مسئلہ ہے جلد بند پاور پلانٹس بحال ہوجائیں گے اور ملکی سطح پر فالٹ کو قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔