سیاست کرپشن سے پا ک کر دی، اب کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا: عثمان بزدار

        سیاست کرپشن سے پا ک کر دی، اب کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا: عثمان بزدار

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے ڈیرہ غازی خان میں ڈیرہ غازی خان اور تونسہ کی سرکردہ سیاسی شخصیات، سابق ناظمین اور سابق چیئرمینوں نے ملاقات کی اور وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا- چیف آف کھیتران سردار حافظ اورنگزیب خان کھیتران نے برادری سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کیا جبکہ ن لیگ کے سابق ایم پی اے ممتاز خان بھٹو قیصرانی،سابق وائس چیئرمین ضلع کونسل جاوید اقبال قیصرانی، ضلع کونسل کے سابق ارکان اور چیئرمینوں نے بھی پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا-ممتاز خان بھٹو قیصرانی اور جاوید اقبال قیصرانی نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ قیصرانی برادری وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر غیر مشروط اعتماد کا اظہار کرتی ہے- چیف آف کھیتران سردار حافظ اورنگزیب خان کھیتران نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی سیاسی خدمات کو سراہا-جاوید اقبال قیصرانی نے کہاکہ دوستی نبھانی ہوتو عثمان بزدار سے سیکھیں -رکن پنجاب اسمبلی سرداراحمد علی دریشک نے کہاکہ کھیتران قبیلے،قیصرانی برادری اور ضلع کونسل کے سابق ارکان کو پی ٹی آئی میں خوش آمدید کہتے ہیں -پی ٹی آئی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی سیاسی اور عوامی خدمات کی وجہ سے مضبوط ہو رہی ہے -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہاکہ پنجاب کے ہر پسماندہ علاقے کی نمائندگی خود کرتا ہوں - سیاست کو کرپشن سے پاک کیا ہے-کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا -پنجاب کا کلچر بدل گیا ہے اور اب انتظامیہ کے پاس کوئی ناجائز کام لے کر نہیں جاتا -انہوں نے کہاکہ کورونا سے بچاؤکے اقدامات کاجائزہ لینے کے لئے 18اضلاع خود وزٹ کئے ہیں اوروہوا جیسی پسماندہ تحصیل کا دورہ کرنے والا پہلا وزیراعلیٰ ہوں -انہوں نے کہاکہ لاہور میں پسماندہ علاقوں کا وکیل بن کر بیٹھا ہوں -دل چاہتا ہے عوام کا ہر کام کروں -جتنے وسائل میسر ہیں اتنے کام ضرور کر کے جاتا ہوں -پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ شہروں کے برابر لانا میرا مشن ہے- وزیر مملکت زرتاج گل، مشیر حنیف پتافی، ارکان اسمبلی احمد علی دریشک، شاہینہ کھوسہ، جاوید اختر لنڈ، سردار محی الدین خان کھوسہ، پارٹی رہنما سردار عبدالقادر کھوسہ،سردار جعفر خان بزدار اوردیگر بھی اس موقع پر موجود تھے -بعدازاں وزیر اعلیٰ نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا، شہداکی یاد گارپر حاضری دی اورپھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود پولیس افسروں اور جوانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کے افسراور جوان آزمائش کی گھڑی میں دلجمعی سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور ہم پولیس کے افسروں اور جوانوں کی خدمات کی دل سے قدر کرتے ہیں۔ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر فرائض سرانجام دینے والے ہیلتھ پروفیشنلز کی طرز پر پولیس کیلئے بھی شہداء پیکیج کی اصولی منظوری دے دی ہے۔کورونا وباء کے دوران فرائض ادا کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین کو شہداء پیکج دیا جائے گا۔ پولیس کو عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ وزیر مملکت زرتاج گل، صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، مشیر صحت حنیف پتافی، اراکین اسمبلی سردار احمد علی دریشک، جاوید اختر لنڈ، سردار محی الدین کھوسہ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اربنائزیشن طاہر خورشید، کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ساجد ظفر، آرپی او ڈیرہ غازی خان عمران احمر،ایڈیشنل آئی جی انعام غنی، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان اور دیگر افسران بھی اس موجود تھے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -