کورونا اور ٹڈی دل حملے کے دوران معاونت پرجاپان کے شکر گزار،وزیر خارجہ

      کورونا اور ٹڈی دل حملے کے دوران معاونت پرجاپان کے شکر گزار،وزیر خارجہ

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جاپانی وزیرخارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کورونا وباء اور ٹڈی دل حملے کے دوران پاکستان کی معاونت پر جاپانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جاپان کے وزیر خارجہ توشی مِٹسو موٹیجی سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے کورونا وبائی چیلنج اور اس کے مضمرات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے جاپانی حکومت کی جانب سے کیے گئے بروقت اور موثر اقدامات کی تعریف کی اور کورونا وباء کے باعث جاپان میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ نے کورونا وباء اور ٹڈی دل حملے کے دوران پاکستان کی معاونت پر جاپانی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے محدود وسائل کے ساتھ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے اور عوام کو بھوک سے بچانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہا ہے۔وزیر خارجہ نے جاپانی ہم منصب کو ترقی پذیر ممالک کیلئے وزیراعظم عمران خان کے مجوزہ گلوبل ڈیٹ ریلیف کے خدوخال سے آگاہ کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ جاپان گلوبل ڈیٹ ریلیف تجویز کو آگے بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

شاہ محمود قریشی

مزید :

صفحہ اول -