یوم علی ؓ،جمعتہ المبارک کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات

      یوم علی ؓ،جمعتہ المبارک کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات

  

لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)لاہور پولیس کی طرف یوم شہادت حضرت علی ؓ (21رمضان)اورماہ صیام کے تیسرے جمعتہ المبارک کے موقع پر شہر بھرکی مساجد، عبادت گاہوں اور اہم مقامات پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال کے ہمراہ مساجد،عبادت گاہوں اور اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیا۔ایس پی اقبال ٹاؤن کیپٹن(ر) محمد اجمل اور ایس پی صدر ڈویژن انویسٹی گیشن منصور قمرنے ڈی آئی جی آپریشنز کو سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔رائے بابر سعید نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ الرٹ رہیں اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے کہا کہ شہر میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ نمازیوں کی ماسک، سینی ٹائزر اور صفوں میں فاصلہ کے حوالے سے چیکنگ بھی یقینی بنائی جائے۔ رائے بابر سعید نے ڈولفن سکواڈ،پولیس رسپانس یونٹ ٹیمیں اور تھانوں کی گاڑیوں کو مساجداورعبادت گاہوں کے اطراف موثر گشت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام، مساجد انتظامیہ20نکاتی ہدایات کی پابندی سے عبادت گذاروں کو کورونا سے محفوظ رکھیں۔ڈی آئی جی آپریشنزرائے بابر سعید نے کہا کہ یوم شہادت حضرت علی ؓ اورماہ صیام کے تیسرے جمعتہ المبارک کے موقع پر لاہور پولیس مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔ مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی کے لئے 03 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کی 5057مساجد کو حساسیت کے اعتبار سے 03کیٹیگریزمیں تقسیم کیا گیا ہے۔اے کیٹیگری میں 218،بی کیٹیگری775جبکہ سی کیٹیگری میں 4064 مساجد شامل ہیں۔جنہیں بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے لاہور پولیس کی طرف سے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر مساجد، امام بارگاہ اور عبادت گاہوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے 277 انفورسمنٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔20نکاتی ایس او پیز یقینی بنانے کے لئے پولیس افسران مساجد کمیٹیوں اور انتظامیہ سے مکمل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام، مساجد انتظامیہ20نکاتی ہدایات کی پابندی سے عبادت گذاروں کو کورونا سے محفوظ رکھیں۔

مزید :

علاقائی -