شرح سود میں 1فیصد کمی کا خیر مقدم کرتے ہیں، اسلام آباد چیمبر

  شرح سود میں 1فیصد کمی کا خیر مقدم کرتے ہیں، اسلام آباد چیمبر

  

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ موجودہ مشکل حالات میں سٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود میں مزید ایک فیصد کمی کر کے ایک بہتر فیصلہ کیا ہے جس کا خیرمقدم کرتی ہے کیونکہ شرح سود 9فیصد سے کم ہو کر 8فیصد پر آگیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں اور معیشت کو تیزی سے بحال کرنے کیلئے شرح سود کو مزید کم کر کے کم از کم پانچ فیصد تک لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلند شرح سود کی وجہ سے کاروباری طبقے کوکافی مشکلات کا سامنا رہا ہے جبکہ کرونا وائرس نے ان کی مشکلات میں بے تحاشا اضافہ کیا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت صنعت و تجارت کو موجودہ مسائل سے نکالنے اور کاروبار کیلئے سازگار حالات پیدا کرنے کیلئے شرح سود کو مزید کم کر کے پانچ فیصد تک لائے۔ محمد احمد وحید نے کہا کہ کرونا وائرس نے دنیا بھر میں کاروبار اور معیشت پر تباہ کن اثرات مرتب کئے ہیں یہی وجہ ہے کہ بہت سے ممالک نے کاروباری طبقے اور معیشت کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے شرح سود میں واضح کمی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملائشیا اور انڈونیشیا میں اس وقت شرح سود 4.50فیصد، انڈیا میں 4.40فیصد، چین میں 3.85%، جنوبی کوریا اور تھائی لینڈ میں 0.75فیصد، جاپان میں 0.10فیصد ہے جبکہ امریکہ و یورپ میں شرح سود زیرو فیصد ہے جبکہ ان ممالک کے ساتھ پاکستان کا موازنہ کیا جائے تو ہمارا شرح سود ابھی بھی خطے میں زیادہ ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ تاجروں وصنعتکاروں کی مشکلات کا ازالہ کرنے اور معیشت کو بحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے شرح سود کو مزید کم کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔ آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں کاروبار اور صنعتیں تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں جس وجہ سے کاروباری طبقے کو بینکوں کے قرضوں اور مارک اپ کی ادائیگی میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے چھوٹے کاروباروں کو بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں تین ماہ کی چھوٹ دے کر ایک بہتر فیصلہ کیا ہے تاہم انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کمرشل بینکوں کے ساتھ بات چیت کر کے صنعتی وکاروباری اداروں کو قرضوں اورمارک اپ کی ادائیگی میں بھی کم از کم چھ ماہ کی چھوٹ فراہم کرنے کی کوشش کرے تاکہ بزنس کمیونٹی کاروباری سرگرمیوں کو بحال کرنے میں سہولت محسوس کرے اور اس قابل ہو کہ قرضوں کی ادائیگی کر سکے۔

مزید :

کامرس -