وبائی صورتحال میں ثقافت کا دفاع کرنیوالوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے: سرداربابک
پشاور(پ ر) ملک میں جاری وبائی صورتحال کی وجہ سے فنکار برادری سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے اور انہی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے باچاخان ٹرسٹ کے زیراہتمام جمعۃ المبارک کے روز باچاخان مرکز میں خیبرپختونخوا کے40سے زائد فنکاروں اور اداکاروں میں راشن پیکجز تقسیم کئے گئے۔ یہ دوسرا مرحلہ تھا اور اس کے بعد مزید ہنرمند، فنکاروں اور اداکاروں میں بھی باچاخان ٹرسٹ کے زیراہتمام پیکجز تقسیم کئے جائیں گے۔ اس موقع پر اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک، صوبائی نائب صدر ثاقب اللہ چمکنی اور صوبائی فنانس سیکرٹری مختیار خان یوسفزئی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک نے کہا کہ وبائی صورتحال میں ثقافت کا دفاع کرنیوالوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے،اداکار، فنکار اور ہنرمند ہمارے سفیر ہیں، بدقسمتی سے ان پر ہر دروازہ بند کیا جارہا ہے۔ سرکاری ٹی وی پر مقامی زبانوں کیلئے پرائم ٹائم نہیں دیا جارہا۔ موجودہ حالات میں اے این پی انکے ساتھ کھڑی ہے اور ہم بار بار کہہ چکے ہیں کہ خیبرپختونخوا کے تمام اداکاروں، ہنرمند، فنکاروں کیلئے باچاخان مرکز کی ہر سہولت مفت حاضر ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی ہر ہنرمند، ہرفنکار اور ہر اداکار کو اپنا حصہ سمجھتی ہے۔ انکے حقوق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سردارحسین بابک نے کہا کہ اے این پی خیبرپختونخوا اسمبلی میں فنکار برادری کیلئے قرارداد بھی پیش کرے گی اور حکومت سے پرزور مطالبہ کرے گی کہ انہیں نشتر ہال مفت فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں اور سرکاری ٹی وی پر بھی مقامی زبانوں کے اداکاروں کو پرائم ٹائم میں حصہ دیا جائے۔ باچاخان ٹرسٹ کی مختلف سرگرمیوں بارے اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ہم ٹرسٹ کے زیراہتمام سرگرمیوں کی تشہیر نہیں صرف خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔باچاخان ٹرسٹ اس وبائی صورتحال میں مختلف شعبوں میں بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ملگری ڈاکٹران، ملگری پیرامیڈیکس ہر ضلع میں عوام کی خدمت کررہے ہیں اور یہ خدمت ہمیشہ جاری رہے گی