محکمہ خوراک کی کارروائیاں‘ 23 گرانفروشوں کو گرفتار کرلیا گیا
پشاور(سٹی رپورٹر)محکمہ خوراک نے گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 23 افراد کو گرفتار کرلیا۔ صوبائی وزیر خوراک الحاج قلندرلودھی اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک خیبر پختونخوا محمد زبیر خان کی خصوصی ہدایت پر زیرنگرانی راشننگ کنٹرولر آفتاب عمر، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح للہ اور فوڈ انسپکٹرز محسن علی شاہ اور وحید یوسف نے پلوسئی بازار‘ یونیورسٹی روڈ اور بورڈ بازار میں کارروائیاں کرتے ہوئے 550 روپے فی کلو گوشت فروخت کرنے پر شاہ بیف شاپ‘ زم زم بیف شاپ‘ المکہ بیف شاپ اور انتظار عباس بیف شاپ کے منیجرز کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر کارروائیوں میں مزید 19 گرانفروشوں کو گرفتار کرلیا جن میں سبزی و پھل فروش‘ دودھ فروش‘ جنرل سٹور مالکان اور دیگر شامل ہیں۔ ڈائریکٹر محکمہ خوراک محمد زبیر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ مذکورہ علاقوں سے عوام نے سٹیزن پورٹل پر شکایات درج کئے تھے جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کو لوٹنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں گرانفروشی کرنے والوں کو جیل منتقل کیا جائیگا تاکہ کوئی آئندہ گرانفروشی نہ کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرانفروش اپنا قبلہ درست کرے بصورت دیگر سخت کارروائی کیلئے تیار رہیں۔