صوبائی سیکرٹری معدنیات عامر اعجاز کا مظفر گڑھ‘راجن پور کا دورہ

  صوبائی سیکرٹری معدنیات عامر اعجاز کا مظفر گڑھ‘راجن پور کا دورہ

  

کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر)صوبائی سیکرٹری معدنیات پنجاب عامر اعجاز اکبرنے کہا کہ حکومت پنجاب کورونا کی وبا سے بچاؤ کیلئے عوام کو صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی، ماہ صیام میں اشیاء خوردونوش کو ارزاں نرخوں پر فراہمی سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کر نے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کورونا کی وباء سے بچاؤ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ہم سب نے حکومتی پالیسیوں پر عمل درآمد کر اتے ہوئے عوام کو (بقیہ نمبر13صفحہ6پر)

ریلیف فراہم کرنا ہے یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ کے دورہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین کے ہمراہ ضلع میں کورونا کی صورت حال،ڈینگی کی روک تھام،گندم خریداری،ماہ صیام میں اشیاء خور دونوش کی سرکاری نرخوں پر فراہمی، ٹڈی دل کے حملے سے بچاؤ اور سیلاب سے بچاؤ کیلئے کئے گئے اقدامات پر ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔صوبائی سیکرٹری نے کہا کہ طیب اردوان ہسپتال سمیت تمام سرکاری ہسپتالوں میں داخل مریضوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حفاظت کے تمام عملی اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں گندم کی خریداری کے ہدف کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے، کاشتکاروں کی رقم کی فوری ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔انہو ں نے مزید کہا کہ ماہ صیا م میں اشیاء خور دونوش کی سرکاری نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے گرانفروشوں،ذخیر ہ اندوزوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ٹڈی دل سے بچاؤ کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں تاکہ اس سے ہونے والے ممکنہ نقصان سے بچا جائے، صوبائی سیکرٹری نے مزید کہا کہ سیلاب سے قبل تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جائے، حفاظتی بندوں کی نگرانی و حفاظت کیلئے انتظامات کئے جائیں، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے بتایا کہ طیب اردوان ہسپتال سمیت ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کو تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔کئی مریض صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں، انہوں نے بتایا کہ اس وقت رجب طیب اردوان ہسپتال میں کورونا کے 39مریض زیر علاج ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں ڈینگی مچھروں کی افزائش کو روکنے کیلئے تمام انتظامات کئے گئے ہیں،جہاں جہاں اس کی افزائش کے خطرات تھے ان کوختم کیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ گندم خریداری کا 69فیصد ہدف مکمل ہوچکا ہے،جلدہی ہدف مکمل کر لیا جائے گا۔باردانہ کی تقسیم اور خریداری کے عمل کو نہایت شفاف بنایا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں اشیا ء خور دونوش کی سرکاری نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر بازاروں کا معائنہ کرتے ہیں گرانفروشوں کے خلاف نہ صرف جرمانے کئے گئے ہیں بلکہ ان کے خلاف مقدمات بھی قائم کئے گئے ہیں اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عارف ضیاء گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جام آفتاب حسین،سی ای او صحت ڈاکٹر فیا ض لغاری اور ڈی ایف سی فرخ شہزاد سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ جبکہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر صوبائی سیکریٹری معدنیات عامر اعجاز اکبر نے انسداد کورونا،ڈینگی، ٹڈی دل و مہنگائی اقدامات، لاک ڈاون کے میں نرمی کے بعد حکومتی ضوابط پر عملدرآمد اور گندم خریداری مہم کی مانیٹرنگ کے لیے ضلع راجن پور کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر آفس میں مختلف اجلاسوں کی صدارت کی۔ا نسداد کورونا،ڈینگی،ٹڈی دل و مہنگائی اقدامات، لاک ڈاون کے میں نرمی کے بعد حکومتی ضوابط پر عملدرآمد اور گندم خریداری مہم بارے بریفنگ میں ڈپٹی کمشنر راجن پور ذوالفقارعلی نے بتایا کہ ضلع میں کورونا کی روک تھام کے لئے حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کروایا جارہا ہے۔ضلع بھرکے مصروف مقامات، مالیاتی اداروں،مساجد،سرکاری دفاتر،ہسپتالوں،پولیس اسٹیشنوں،گلی محلوں،سبزی منڈیوں اور گندم خریداری و احساس کفالت پروگرام کے امدادی رقوم کے مراکز پرجراثیم کش محلول کا ا سپرے کا عمل باقاعدگی سے روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ احساس پروگرام بارے بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورونا لاک ڈاون کے متاثرین کو ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت ادائیگیاں تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔اجلاس میں انسداد ڈینگی کے لیے ا ±ٹھائے گئے اقدامات بارے بتایا گیا کہ پیشگی حفاظتی اقداما ت کے تحت محکمہ صحت الرٹ ہے۔ ضلع راجن پور میں ڈینگی سے بچاو اور آگہی کے لیے کے لئے محکمہ صحت کی ٹیمیں کام کررہی ہیں اور تحصیل سطح پر فوکل پرسن مقررکردیئے گئے ہیں۔ ٹڈی دَل کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کی طرف سے کیے گئے آپریشن کے موثر اور حوصلہ کن نتائج ملے ہیں۔ ضلع راجن پور کی تینوں تحصیلوں میں 65ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ پر فضائی و زمینی آپریشن کرکے کیڑے مار ادویات کا اسپرے کیا گیا ہے اورصوبہ بلوچستان و سندھ سے آنے والے ٹڈی دل کے جھنڈوں کا خاتمہ کیا گیا ہے۔۔ انسداد ٹڈی دل آپریشن میں فیڈل پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ، حکومت پاکستان، محکمہ زراعت، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ گندم خریداری مہم اور انسداد مہنگائی اقدامات بارے بریفینگ میں بتایا گیا کہ ضلع راجن پور نے 20لاکھ سے زائد بوری گندم خرید کرنے کا ہدف صرف ایک ماہ کے عرصہ میں مکمل کرلیا ہے۔ حکومت ِ پنجاب کی جانب سے 5لاکھ مزید بوری گندم خرید کرنے کا اضافی ہدف دیا گیا ہے جو کہ آئند ہ چند روز میں مکمل کرلیا جائے اگ۔ اورضلع بھر میں 23پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والے شرپسند عناصر پر بھاری جرمانے کررہے ہیں۔ یکم رمضان المبارک سے اب تک 535مارکیٹوں کو چیک کیا گیا، 2695چھاپوں کے دوران 425خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں پر 6لاکھ 62ہزار200روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ صوبائی سیکرٹری معدنیات عامر اعجاز اکبر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں کی فلاح و بہبود اور کسانوں کو ان کے حق کی فراہمی کے لئے انتہائی سنجیدہ ہے۔گندم کی خریداری میں کاشتکار کے حقوق کا تحفظ اور استحصالی عناصر کا خاتمہ وزیراعلیٰ پنجاب کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوز رحم کے مستحق نہیں ان کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور اس سلسلہ میں کسی دباو ¿ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔صوبائی سیکرٹری معدنیات نے ہدایت کی کہ ایک ٹیم کے طور پر پور مستعدی اور جانفشانی سے کام کیا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ قبل ازیں صوبائی سیکریٹری معدنیات عامر اعجاز اکبر نے ڈپٹی کمشنر راجن پور ذوالفقارعلی کے ساتھ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر کی مساجد اور عبادت گاہوں میں حکومتی جاری کردہ 20نکات پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے اور اس ضمن میں تمام علمائے کرام سے اپیل ہے کہ وہ اپنا فعال کردار ادا کریں۔

دورہ

مزید :

ملتان صفحہ آخر -