سی ٹی ڈی کی سائٹ ایریامیں کارروائی، استاد تاجو کا بھتیجا گرفتار

  سی ٹی ڈی کی سائٹ ایریامیں کارروائی، استاد تاجو کا بھتیجا گرفتار

  

کراچی(کرائم رپورٹر)سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن پولیس سندھ نے سائٹ ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے بد نام زمانہ لیاری گینگ وار کے اہم کردار استاد تاجو کے بھتیجے کوگرفتار کر لیاہے۔ذرائع کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے سائٹ کے علاقے میں ایک کارروائی کے دوران استاد تاجو کے بھتیجے آصف کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم نے دوران تفتیش ٹارگٹ کلنگ کی 12 وارداتوں کا اعتراف کیاہے۔انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر کے مطابق ملزم نے اقدام قتل اور مخالف گروپوں پر اندھا دھند فائرنگ کا بھی اعتراف کیاہے، ملزم آصف ٹونٹی ٹونٹی جوئے کا اڈا بھی چلاتا تھا۔سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم نے نیا آباد میں 2010 میں امجد ہیروئنی کو قتل کیا، 2011 میں عثمان آباد اور کھارادر گول باغیچے میں متحدہ کے کارکنان کو قتل کیا، آگرہ تاج میں ساتھیوں کے ساتھ مل کر مخالف کو قتل کیا، گھاس منڈی کے علاقے میں سعید سرائیکی کو قتل کیا، 2012 میں عثمان آباد کے ایم سی واٹر پمپ کے قریب اقبال کانا کو قتل کیا، 2013 میں ساتھیوں کے ساتھ کالا بورڈ میں مقصود گجراتی کو قتل کیا۔چوہدری صفدرنے بتایاکہ ملزم نے مچھلی مارکیٹ بغدادی میں اندھا دھند فائرنگ کی تھی، جس سے ایک شخص جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ لیاری آپریشن کے بعد ملزم دبئی فرار ہو گیا تھا، اور حال میں کراچی پہنچا تھا جسے خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا۔سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم اب بھی استاد تاجو کے رابطے میں تھا، استاد تاجو واپس آ کر لیاری میں اپنا گروہ منظم کرنا چاہتا ہے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -