عراق میں پھنسے 250پاکستانیوں کی سنی گئی، لیکن اب وہ کہاں ہیں اور کس حال میں ہیں؟
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)عراق میں پھنسے 250پاکستانیوں کی سنی گئی، لیکن اب وہ کہاں ہیں اور کس حال میں ہیں تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عراق میں پھنسے 250پاکستانی اب اپنے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔ وطن واپسی پر ان کی سکریننگ کی گئی جس کے بعد انہیں سوہاوہ اور جہلم کے قرنطینہ سنٹرز میں منتقل کردیاگیاہے۔
یہ مسافر آئل اینڈ گیس سیکٹر میں ملازمت کرتے تھے اور کئی ماہ سے عراق میں پھنسے تھے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کا کہنا ہے کہ مسافر پی آئی اے کی پرواز پی کے 710 کے ذریعے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے۔مسافروں کی طبی جانچ اور اسکریننگ کے بعد انہیں سوہاوہ اور جہلم کےقرنطینہ مراکز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھرمیں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلیے خصوصی پروازیں چلائی جارہی ہیں۔ اس سے قبل امریکا،جرمنی سپین، فرانس، جنوبی افریقہ ،سعودی عرب،یواے ای، ملائیشیا اور دیگر ممالک میں پھنسے پاکستانی بھی وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
گزشتہ روز پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی خصوصی پرواز قطر میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر پشاور پہنچی تھی۔پی آئی اے کے خصوصی طیارے میں 237 پاکستانی وطن پہنچے، انتظامیہ نے تمام مسافروں کو ابتدائی اسکریننگ کے بعد قرنطینہ منتقل کردیا۔
قبل ازیں پی آئی اے نے سعودی عرب کے لیے پروازوں کا شیڈول جاری کیا تھا، پی آئی اے کی پرواز کل 14 مئی کو ریاض سے 250 پاکستانیوں کو لے کر لاہور کے لیے روانہ ہوئی۔
ہفتہ کے روز پی آئی اے کی ایک اور پرواز مدینہ سے 250 پاکستانیوں کو لے کر کراچی پہنچے گی۔18 مئی کو پی آئی اے کی پرواز جدہ سے 250 پاکستانیوں کو فیصل آباد لائے گی۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 21 مئی کو پی آئی اے کی پرواز دمام سے اسلام آباد کے لیے آپریٹ ہو گی۔