تمام ممالک سفری پابندیاں ختم کرنے کی کوشش کریں: جی ٹوینٹی وزرائے تجارت

تمام ممالک سفری پابندیاں ختم کرنے کی کوشش کریں: جی ٹوینٹی وزرائے تجارت
تمام ممالک سفری پابندیاں ختم کرنے کی کوشش کریں: جی ٹوینٹی وزرائے تجارت

  

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب کی زیرِ صدارت جی ٹونٹی ممالک کے وزرائے تجارت کے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ تمام ممالک سفری پابندیاں ختم کرنے کی کوشش کریں. 

جی ٹوئنٹی کے وزرائے تجارت و سرمایہ کاری نے سعودی عرب کی صدارت میں آن لائن اجلاس کے اختتام  پر مشترکہ بیان جاری کیا ہے، جس کے مطابق وزرائے تجارت و سرمایہ کاری نے مطالبہ کیا کہ زرعی غذائی اشیا کی برآمد پر کسی طرح کی کوئی پابندی نہ لگائی جائے، وزرائے تجارت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کورونا وائرس کی وباء سے پیدا ہونے والے مسائل سے مل کر نمٹا جائے گا، تجارت اور سرمایہ کاری پر کورونا کی وباء کے اثرات کم کرنے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے. 

وزرائے تجارت نے دو طرح کے حفاظتی انتظامات کے عزم کا ظاہر کیا ہے، اول تو وباء کے اثرات کم کرنے کے لیے مختصر مدت کے اقدامات کئے جائیں گے، ڈبلیو ٹی او اور کثیر فریقی تجارتی نظام میں ضروری اصلاحات لانے کے لیے طویل مدتی اقدامات ہوں گے، وزرائے تجارت نے عالمی تجارت و سرمایہ کاری اور بین الاقومی امدادی سامان کی ترسیل پر وباء کے اثرات سے نمنٹے کے لیے عالمی تنظیموں کے ساتھ مل کر کوششوں کا عزم ظاہر کیا. 

وزرائے تجارت نے بیان میں امدادی سامان کی ترسیل، طبی ساز و سامان اور کورونا وائرس سے متعلق ضروری خدمات پر عائد پابندیوں سے نمنٹے کا بھی عزم ظاہر کیا اور کہا کہ اس قسم کی پابندیاں، عارضی شفاف اور متوازن ہوں، تمام ممالک بین الاقوامی سفر پر عائد پابندیاں ختم کرنے کی کوشش کریں اور جی ٹونٹی میں شامل وزرائے مواصلات بری، بحری اور فضائی نقل و حرکت کو بہتر بنائیں اور مسافر بردار طیاروں کو سامان برداری میں تبدیل کر کے ائیر کارگو میں زیادہ سے زیادہ گنجائش پیدا کی جائے. 

مزید :

عرب دنیا -تارکین پاکستان -