وہ اداکارائیں جو کورونا وائرس کی وجہ سے دیوالیہ ہوگئیں

وہ اداکارائیں جو کورونا وائرس کی وجہ سے دیوالیہ ہوگئیں
وہ اداکارائیں جو کورونا وائرس کی وجہ سے دیوالیہ ہوگئیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) کوروناوائرس اور لاک ڈاﺅن کی وجہ سے دیگر شعبہ ہائے زندگی کی طرح شوبز سے وابستہ لوگ بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں، جن کی شوٹنگز منسوخ ہو چکی ہیں اور آمدنی مکمل ختم ہونے سے ان کے لیے گزراوقات مشکل ہو رہی ہے۔ بھارتی ٹی وی انڈسٹری کی کئی اداکارائیں تو بالکل دیوالیہ ہو چکی ہیں جن میں سے ایک سونل وینگرلیکر ہیں، جنہوں نے گزشتہ روز اپنے انسٹاگرام پر اس حوالے سے ایک انتہائی متاثر کن واقعہ سنایا ہے۔انڈیا ٹائمز کے مطابق سونل لکھتی ہیں کہ ”آج میں اپنے میک اپ آرٹسٹ پنکج گپتا کے ساتھ فون پر گفتگو کر رہی تھی اور اسے بتا رہی تھی کہ میرے پاس رقم بالکل ختم ہو چکی ہے اور پتا نہیں اگلا پورا مہینہ میں کیسے گزاروں گی۔ میں نے پروڈیوسرز سے لاکھوں روپے کافی عرصے سے لینے ہیں لیکن وہ نہیں دے رہے۔ “
سونل لکھتی ہیں کہ ”کورونا وائرس کے باعث شوٹنگز بند ہونے کی وجہ سے میرے مالی حالات اس قدر ناگفتہ بہ ہو چکے تھے تو میں اپنے اس میک اپ آرٹسٹ کے بارے میں فکر مند تھی، وہ شادی شدہ ہے اور اس کی بیوی ماں بننے والی ہے، اس کے تو کئی طرح کے اخراجات ہیں۔ اس سے یہ بات کرتے ہوئے میں اسی کے بارے میں سوچ رہی تھی لیکن اس نے مجھے ایسا جواب دیا کہ میری آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ اس نے مجھے کہا کہ ”میم میرے پاس 15ہزار روپے ہیں جو میں نے اپنی بیگم کے زچگی کے لیے جمع کر رکھے تھے۔ آپ کو چاہئیں تو لے لیں، میری بیگم کی ڈلیوری کے وقت مجھے دے دینا۔“میں اس کی یہ بات سن کر حیران رہ گئی۔ جن لوگوں سے میں نے لاکھوں روپے لینے ہیں وہ میری کالز نہیں سن رہے اور مجھے بلاک کر رہے ہیں، وہ میری محنت کی کمائی ہے جو وہ مجھے نہیں دے رہے۔ دوسری طرف ایک غریب آدمی اپنی جمع پونجی مجھے دینے کی پیشکش کر رہا ہے۔ بڑی بات یہ نہیں کہ اس نے مجھے رقم کی آفر کی، بڑی بات یہ ہے کہ اس کے پاس کچھ زیادہ رقم نہیں ہے، اس کے باوجود اس نے میری فکر کی۔ وقت آ گیا ہے کہ نام نہاد امیر لوگ دل سے بھی امیر ہو جائیں۔“

مزید :

تفریح -