تیل کی دولت سے مالا مال وہ ملک جہاں لوگ غربت کی وجہ سے گائے کا خون پینے پرمجبور ہوگئے

تیل کی دولت سے مالا مال وہ ملک جہاں لوگ غربت کی وجہ سے گائے کا خون پینے ...
تیل کی دولت سے مالا مال وہ ملک جہاں لوگ غربت کی وجہ سے گائے کا خون پینے پرمجبور ہوگئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراکس(مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی امریکہ کا ملک وینزویلا تیل کی دولت سے مالا مال ہے لیکن شدید معاشی بحران کے باعث وہاں غربت کا یہ عالم ہے کہ لوگ گائے اور دیگر جانوروں کا خون پینے پر مجبور ہو چکے ہیں کیونکہ وہ گوشت خریدنے کی سکت نہیں رکھتے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق وینزویلا میں مہنگائی کایہ عالم ہے کہ گوشت کی قیمت حکومت کی طے کردہ کم از کم تنخواہ سے دو گنا زیادہ ہے۔ اگر کم از کم تنخواہ لینے والا آدمی دو ماہ کی تنخواہ اکٹھی کرکے خاندان کے لیے ایک وقت کا گوشت خریدنا چاہے تو بھی پیسے کم پڑ جائیں گے۔ چنانچہ لوگوں نے مذبح خانوں سے گائے اور دیگر جانوروں کاخون حاصل کرکے پینا شروع کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وینزویلا حکومت کی طرف سے شہریوں کو خوراک پر سبسڈی دی جاتی ہے لیکن کورونا وائرس اور لاک ڈاﺅن کی وجہ سے سبسڈائزڈ اشیائے خورونوش کی ترسیل متاثر ہوئی ہے اور بہت سے علاقوں میں لوگوں کو کھانے کی سستی چیزیں نہیں مل رہیں اور بازار کے ریٹ پر چیزیں خریدنے کی وہ سکت نہیں رکھتے۔ وینزویلا میں معاشی بحران اقوام متحدہ کی طرف سے انسانی بحران قرار دیا جا چکا ہے۔ اقوام متحدہ نے 2019ءمیں اسے دنیا کے 10سنگین ترین انسانی بحرانوں میں سے ایک قرار دیا تھا۔ ملک کے لاکھوں لوگ بیرون ملک ہجرت پر مجبور ہو چکے ہیں جن میں اساتذہ، ڈاکٹر اور دیگر اچھے پیشوں سے وابستہ لوگوں کی اکثریت ہے۔ کچھ عرصہ قبل وینزویلا کے بارڈر پر تعینات فوجیوں کے بھی ہتھیار پھینک کر ہمسایہ ملک فرار ہو جانے کی خبریں آئی تھیں، جو غربت اور فاقوں کی وجہ سے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ وینزویلا کے لوگوں میں کورونا وائرس کا کوئی خوف نہیں ہے، ان کا کہنا ہے کہ ان کی موت کورونا سے نہیں بلکہ بھوک سے ہو گی۔