کراچی کو سنگین خطرہ ہے ،وفاقی حکومت فوری 400 وینٹی لیٹرز فراہم کرے،خالد مقبول صدیقی بھی بول پڑے

کراچی کو سنگین خطرہ ہے ،وفاقی حکومت فوری 400 وینٹی لیٹرز فراہم کرے،خالد مقبول ...
کراچی کو سنگین خطرہ ہے ،وفاقی حکومت فوری 400 وینٹی لیٹرز فراہم کرے،خالد مقبول صدیقی بھی بول پڑے

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر کراچی کو فوری طور پر 300 یا 400 وینٹی لیٹرز کی ضرورت ہے،کراچی میں وینٹی لیٹرز کی شدید کمی ہے،اگر صورتحال یہی رہی توکراچی کے مسائل بڑھ جائیں گے،کیا پنجاب میں کورونا اجازت لے کر آتا ہے؟ساری پابندیاں سندھ کے لئے کیوں ہیں؟کراچی کاپہیہ چلتا ہے تو پاکستان پلتا ہے،وفاق ان دونوں حکومتوں کو لگام دے جو کراچی کو تباہ کرنے پر تلی ہیں،ہم روڈوں پر آنے کے لئے تیار ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما ء اور سابق وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پنجاب میں آج ٹرانسپورٹ کھل گئی ہے،کیا وہاں کورونا اجازت لیکر آتا  ہے؟کیا وہاں پر کورونا کا داخلہ منع ہے اور وہ پنجاب میں پاسپورٹ دکھا کر اور اجازت لے کر جاتا ہےَ؟یہاں پر وہ پابندیاں کیوں ہیں جو باقی شہروں میں نہیں ہیں؟میں ایک ڈاکٹراور اس شہر کا ایک ذمہ دارہونے کی حیثیت سے یہ سمجھتا ہوں کہ کورونا کا خطرہ موجود ہے لیکن حکومتی ایس او پیز کے ذریعے یہ خطرہ بڑھ رہا ہے کم نہیں ہو رہا ،جب تک زیادہ مدت اور زیادہ عرصے کے لئے دوکانیں نہیں کھلیں گی یہ خطرہ زیادہ موجود رہے گا ۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے گذشتہ روز جاری ہونے والے آرڈی نینس کو ہم مکمل مسترد کرتے ہیں،کراچی سےدشمنی پاکستان سےدشمنی ہے،کراچی3کروڑ کا شہر ہے اور اس شہر کے فیصلے کرنا میئر کا اختیار ہے،وزیر اعلیٰ سندھ کانہیں جس کااس شہر سے کوئی تعلق نہیں ہے،کیا ساری مجبوریاں، پابندیاں کراچی شہر کے لیے ہیں؟کراچی ملک کو 70 فیصد ٹیکس ادا کرتا ہے،کراچی کاپہیہ چلتا ہے تو پاکستان پلتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خدا کے لئے ریاست اس بات کو سمجھے،اور ان دونوں حکومتوں کو لگام دے جو کراچی کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں،ووٹ سے زیادہ اب "روڈ" کی طاقت ہے،ہم تو آپ کے لئے روڈوں پر آنے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں وینٹی لیٹرز کی شدید کمی ہے،اگر صورتحال یہی رہی توکراچی کے مسائل بڑھ جائیں گے، کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر کراچی کو فوری طور پر 300 یا 400 وینٹی لیٹرز کی ضرورت ہے،وفاق کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ کراچی بھی پاکستان کا حصہ ہے،چین سے آنے والے وینٹی لیٹرز میں کراچی کا بھی حصہ ہونا چاہیے۔

خیال رہے کہ آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا کیسسز کی تعداد ساڑھے گیارہ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -کورونا وائرس -