شاہ محمود قریشی کا فلسطینی ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ،فلسطین کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال

شاہ محمود قریشی کا فلسطینی ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ،فلسطین کی موجودہ ...
شاہ محمود قریشی کا فلسطینی ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ،فلسطین کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے فلسطینی ہم منصب ڈاکٹر ریاض المالکی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا او ر ان سے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے اسرائیلی فوج کی جارحیت اور مسجد اقصیٰ پر جاری حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے، معصوم فلسطینیوں بالخصوص بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، فلسطینی عوام کی اس حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے ۔وزیر خارجہ نے فلسطینی ہم منصب کو، عالمی برادری کی توجہ، فلسطین میں جاری اسرائیلی فوج کی جارحیت کی طرف مبذول کروانے اور مسئلہ فلسطین کے پر امن حل کیلئے پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے فلسطینی صدر کو ٹیلیفون کے ذریعے، اس حق خود ارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایا ۔وزیر خارجہ نے اس مشکل گھڑی میں، پاکستانی قوم کی جانب سے اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

فلسطینی وزیر خارجہ ڈاکٹر ریاض المالکی نے شاہ محمود قریشی کو فلسطین کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے، کشیدگی میں کمی لانے کیلئے جاری کاوشوں سے آگاہ کیا اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کے واضح، دو ٹوک اور اصولی موقف کو سراہتے ہوئے، علاقائی اور عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی معاونت پر پاکستان کی قیادت اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطین کی کشیدہ صورتحال پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا فلسطینی ہم منصب کے ساتھ یہ رابطہ، فلسطین کی صورتحال پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کے حوالے سے اسلامی ممالک کے ساتھ کیے جانیوالے سفارتی روابط کی کڑی ہے

مزید :

اہم خبریں -قومی -