ملک بھر میں ویکسی نیشن تیز کرنے کے اقدامات

ملک بھر میں ویکسی نیشن تیز کرنے کے اقدامات

  

وفاق اور صوبوں کی طرف سے عوام کی ویکسی نیشن میں تیزی کے اقدامات کر لئے گئے ہیں، عید کے دِنوں میں کراچی اور سندھ کے مراکز کام کرتے رہے۔ پنجاب میں صرف دو چھٹیاں کی گئیں، ایسا ہی وفاق میں ہوا، اب کل (17مئی) سے جہاں چالیس سال سے زیادہ عمر کے افراد ویکسین لگوا سکیں گے،وہاں 30سال اور اس سے زیادہ عمر والوں کی رجسٹریشن کاعمل شروع ہو  جائے گا۔اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ہر ضلعی صدر مقام پر ویکسی نیشن سنٹر کام کرنا شروع کر دیں گے۔ان کے اوقات کار صبح آٹھ بجے سے رات8 بجے تک ہوں گے،جمعہ کو چھٹی ہو گی تاہم ہر ضلعی مرکز میں ایک سنٹر کھلا رہے گا۔ حالیہ لاک ڈاؤن اور اِس سے قبل سے یہ سلسلہ جاری ہے اور وفاقی حکومت کے مطابق اب ویکسین کی  مزیدخوراکیں بھی پہنچنے والی ہیں۔ خود صوبوں نے بھی رقوم مختص کیں اور ویکسین کے آرڈر دیئے ہیں۔ ادھر این سی او سی نے  لاک ڈاؤن اور ایس او پیز پر عمل کی وجہ سے اموات اور کورونا متاثرین میں کمی کی اطلاع دی۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران82افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے،جبکہ متاثرین کی شرح 8فیصد تک گر گئی ہے۔اگرچہ ابھی خطرات و خدشات باقی ہیں تاہم بہتری کی طرف واپسی پر اطمینان اور اس توقع کا اظہار کیا جا سکتا ہے کہ کمی شروع ہوئی اور ویکسی نیشن زیادہ ہونے سے بھی تحفظ شروع ہو جائے گا۔ اللہ سے دُعا ہے کہ اِس وبا سے انسانیت کو تحفظ عنایت فرمائے۔

مزید :

رائے -اداریہ -