مسجد الاقصیٰ کی جانب بڑھتے ہوئے ہاتھوں کو  تور دیں گے:ترک صدر

  مسجد الاقصیٰ کی جانب بڑھتے ہوئے ہاتھوں کو  تور دیں گے:ترک صدر

  

 انقرہ(این این آئی) ترک صدر طیب اردوان نے کہا ہے کہ جس طرح شامی سرحد پر دہشت گردوں کا راستہ روکا اسی طرح مسجد الاقصی کی جانب بڑھتے ہو ہاتھوں کو توڑ دیں گے۔ ترک میڈیا کے مطابق صدر طیب اردوان نے اپنی جماعت انصاف و ترقی پارٹی کے نمائندوں سے ویڈیو کانفرنس خطاب میں کہا کہ بیت المقدس مسلمانوں کے ساتھ عیسائیوں اور یہودیوں کے لیے بھی مقدس مقام ہے جہاں اسرائیل نامی دہشت گرد ریاست نے انسانیت سوزی کی تمام حدیں عبور کر لی ہیں۔ترک صدر نے پارٹی رہنماوں کو بتایا کہ اسرائیلی جارحیت پر میں نے بعض عالمی رہنماوں سے رابطہ کیا اور سب نے فلسطین کے حق میں ہمارے موقف کی مکمل تائید کی ہے۔ اگر فلسطین میں اسرائیلی ظلم و جبر کے خلاف پوری دنیا خاموش بھی ہو جائے تب بھی ہم اس کے ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔ترک صدر نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت پر خاموش رہنے والوں کا انجام عبرت ناک ہوگا اسرائیل کی جانب سے بہائے جانے والے خون پر خاموش رہنے والوں کو یہ یاد رکھنا چاہیئے کہ ان پر بھی یہ وقت آ سکتا ہے۔صدر طیب اردوان نے کہا کہ جس طرح شامی سرحد کے قریب دہشت گردوں کا راستہ روکا اسی طرح مسجد الاقصی کی جانب بڑھتے ہوئے ہاتھوں کو بھی توڑ دیں گے۔ اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز اٹھانا ہر ایک حساس دل انسان پر فرض ہے۔ اقوام عالم سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ بلا امتیاز اسرائیلی جارحیت کے خلاف متحد ہو جائیں۔

مزید :

صفحہ اول -