مصنوعی مہنگائی کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

مصنوعی مہنگائی کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

  

 لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزوں اورناجائز منافع خوروں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے کابینہ کمیٹی پرائس کنٹرول کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی کابینہ کمیٹی پرائس کنٹرول اشیاء ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنائے۔ عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیاء ضروریہ کی دستیابی میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔اینٹی ہورڈنگ آرڈیننس 2020 کے تحت ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اورناجائز منافع خوری کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔صوبے کے عوام کوریلیف دینے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے ذخیرہ اندوز مافیا کی سرکوبی ضروری ہے۔ سردار عثمان بزدار سے عید کے روز صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے ملاقات کی۔میاں محمود الرشید نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو عید کی مبارکباد دی۔وزیر اعلی اور صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے فلسطین کے نہتے شہریوں پر اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ عید کے پرمسرت موقع پر بھی اسرائیل نے معصوم فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے۔فلسطینیوں کے ساتھ ظلم و زیادتی پر عالمی برداری کی خاموشی مجرمانہ غفلت ہے۔ سردار عثمان بزدار نے عید الفطر کی نماز بارش کے باعث وزیراعلیٰ آفس کی مسجد میں ادا کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے لوگوں کو عید کی مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملک کی ترقی، خوشحالی،استحکام اور قیام امن کیلئے دعا کی۔سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بھائی چارے، اخوت اور اتحاد و اتفاق کے سنہری اصولوں پر چلنا ہی موجودہ صورتحال کا تقاضہ ہے۔ ذاتی مفادات اور سیاست سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کیلئے سب کو مل کر کام کرنا چاہیئے۔دنیا میں ہماری پہچان پاکستان سے ہے اور عزت و وقار بھی۔ہمیں تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے باوقار قوم کے طور اپنا مقام بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے اور موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔وطن عزیز کیلئے ہم سب کو کندھے سے کندھا ملا کر چلنا ہے اور پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اپوزیشن کو منفی رویہ ترک کرکے اجتماعی سوچ اپنانا ہوگی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک میں یکجہتی کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔یہ وقت قوم میں نفاق ڈالنے کا نہیں بلکہ اتفاق اوراتحاد کا ہے اور ملک کو اس وقت منفی سیاست کی نہیں بلکہ استحکام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی مٹی ہم سے اتحاد اور یگانگت کا مطالبہ کر رہی ہے۔ پاک دھرتی کے اس قرض کو اتارنے کے لئے سب کو ایک ہونا پڑے گا۔ 

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -