صنعتی ترقی کیلئے ہنرمندی کا فروغ ناگزیر:ناصیر حمید خان

صنعتی ترقی کیلئے ہنرمندی کا فروغ ناگزیر:ناصیر حمید خان

  

  لاہور(سٹی رپورٹر) سینئر نائب صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، سینئر وائس چیئرمین پیاف، ممبر پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ناصر حمید خان نے کہا ہے کہ فنی و ووکیشنل تعلیمی اداروں میں انڈسٹری کی ضروریات کا مدنظر رکھتے ہوئے جدید کورسز متعارف کروائیں جائیں۔اس سلسلے میں تاجر برادری متعلقہ حکام کے ساتھ بھرپور معاونت کرنے کو تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر کی فنی تعلیم کیلئے بنائی گئی کمیٹی ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ناصر حمید خان نے کہا کہ سکلز ڈویلپمنٹ کونسل کا قیام خوش آئند ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ فنی تعلیم و ووکیشنل تربیت کی ترقی کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا کے زیر اہتمام فنی تعلیم کے اداروں میں ہر سال اڑھائی لاکھ بچوں کو ہنرمند بنایا جارہا ہے۔ بدقسمتی سے ماضی میں فنی تعلیمی اداروں کے گریجوایٹس کو معاشی مواقع کی فراہمی پرتوجہ نہیں دی گئی۔ موجودہ حکومت نے ہنرمند افراد کو روزگار کے مواقع کی فراہمی کیلئے کئے جانے ولے اقدامات خوش آئند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہنرمند افرادی قوت کی بیرون ممالک کھپت کے لئے حکومت سفارت خانوں کے کمرشل اتاشیز کو بھی متحرک کرے۔نئی نسل کو فنی تعلیم کی طرف لانے کیلئے والدین کو قائل کرنے کے لئے اقدامات کرنے کیلئے سکولوں میں ماہرین فنی تعلیم دورہ کریں اور بچوں کو فنی تعلیم بارے آگاہی فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ ایوان ہائے صنعت و تجارت کی مشاورت سے صنعت کی ضروریات کے مطابق جدید کورس مرتب کئے جائیں۔ پاکستان کا مستقبل فنی تعلیم سے جڑا ہے۔ٹیکنیکل ایجوکیشن کو فروغ دے کر ملک سے غربت اور بے روزگاری کے اندھیرے مٹائیں گے۔

مزید :

کامرس -