خواتین کو ہنرمند بنانے کیلئے اقدامات جاری:میاں کاشف اشفاق

خواتین کو ہنرمند بنانے کیلئے اقدامات جاری:میاں کاشف اشفاق

  

 فیصل آباد(سٹی رپورٹر)علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں بے روزگار خواتین کو ہنر مند بناکر انکی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ اس سلسلے میں خواتین کی تربیت اور انٹرنشپ کیلئے اقدامات کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے خواتین سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کیلئے روزگار، فنی تربیت اور ہنر مند خواتین کی صلاحیتوں کو بروئے کا لانے کیلئے حکمت عملی وضع کر لی گئی ہے۔ خواتین کی شمولیت ہر شعبے میں نکھار کا باعث ہے اور پاکستانی خواتین کسی سے کم نہیں ہیں۔ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے کے باوجود خواتین انڈسٹری سے دور ہیں انکی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کیلئے پالیسی مرتب کی جا رہی ہے تاکہ وہ معاشی سرگرمیوں میں بڑھوتی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔خواتین کی صلاحیتوں سے مستفید ہونے کیلئے یونیورسٹیوں میں زیر تربیت طالبات کو انٹرنشپ کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔فیڈمک خواتین کو اپنے صنعتی یونٹ لگانے کیلئے ہر ممکن سہولتیں دے گا اور اس سلسلہ میں ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں الگ بلاک بھی مختص کیا جا سکتا ہے تاہم اس مقصد کیلئے خواتین  کو بنیادی تقاضوں کو پورا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وومن چیمبر کو اپنی عمارت، خواتین کیلئے ٹیکنیکل ٹریننگ اور سکل اپ گریڈیشن انسٹیٹیوٹ، انکوبیشن اور ڈسپلے سنٹر کے قیام کیلئے بین الاقوامی ڈونرز اور مقامی بینکوں سے قرض لینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیڈمک کے تمام صنعتی علاقے سڑکوں کے مربوط نظام سے منسلک ہیں جن کے ذریعے خواتین بھی یہاں بآسانی آجا سکتی ہیں۔

مزید :

کامرس -