محکمہ موسمیات کی گرمی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی 

محکمہ موسمیات کی گرمی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی 

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ موسمیات نے شہرقائد میں 15سے 17مئی کے درمیان گرمی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کردی ہے۔محکمہ موسمیات نے کراچی میں شدید گرمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے ارلی وارننگ سینٹر فار ہیٹ ویو نے ایڈوائزری بھی جاری کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق نئی لہر کے دوران درجہ حرارت انتہائی گرم رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 15 سے 17 مئی کے درمیان گرمی کی شدت میں اضافہ رہے گا، گرمی کی نئی لہر میں دن کے وقت درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گرم موسم کے دوران سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں منقطع اور متاثر ہوسکتی ہیں۔ اس دوران شمال مشرقی اور مشرقی سمت سے خشک اور گرم ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی لہر کے دوران شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل لازم ہے خصوصا صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست دھوپ سے بچنا ناگزیر ہے۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری بلاوجہ دھوپ میں نہ جائیں، اگر جانا ضروری ہو تو سر کو ڈھانپ کر نکلیں، پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال معمول سے زیادہ کریں۔

مزید :

صفحہ اول -