صدر مملکت اورعمران اسماعیل نے گورنرہاؤس میں نماز عید اداکی

صدر مملکت اورعمران اسماعیل نے گورنرہاؤس میں نماز عید اداکی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گورنر ہاؤس میں قائم مسجد سے متصل کھلی جگہ میں نماز عید الفطر ادا کی۔نماز عید میں ملک کی سلامتی، کورونا وائرس کے خاتمہ، فلسطین اور کشمیر کے مظلوم بھائیوں کی مشکلات سے نجات کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ گورنر ہاؤس کی مسجد میں گزشتہ سال سے ہی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے روک تھام کے حوالے سے ایس او پی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔اس موقع پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے عوام کو اپنے پیغام میں کہا کہ اپنی اور اپنے عزیز و اقارب اور دوست احباب کی حفاظت کے لئے عید سادگی اور اپنے گھروں میں منائیں تاکہ خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کا بھی خیال رکھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری سب کی ذمہ داری ہے این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ رہنما ہدایات (ایس او پی) پر ہر لحاظ سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ دنیا کو دکھانا ہے کہ ہم ایک مہذب قوم ہیں اور اس مشکل صورتحال میں بھی نظم و ضبط کے ساتھ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عید خوشیوں کا تہوار ہے اور حقیقی خوشی اس بات میں ہے کہ ہم اور ہمارے اپنے لوگ کسی بھی موذی بیماری سے محفوظ رہیں۔ 

مزید :

صفحہ اول -