حق کی بات کرنا غداری ہے توپورا پاکستان غدار ہے، مریم نواز

حق کی بات کرنا غداری ہے توپورا پاکستان غدار ہے، مریم نواز
حق کی بات کرنا غداری ہے توپورا پاکستان غدار ہے، مریم نواز

  

شیخوپورہ(ڈیلی پاکستان آن لا ئن) مسلم لیگ(ن) کی نائب صدرمریم نواز نے کہا ہے کہ جس نے حق کی بات کہ وہ غدارکہلایاتو پورا پاکستان غدار ہے۔وقت بدل رہاہے لوگوں نے ڈرنا چھوڑ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ کی مرکزی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے لیگی سپاہی جاوید لطیف کو غداری کا لقب دیا گیا ہے اور جاوید لطیف کو غدار کہنا پورے شیخوپورہ کو غدار کہنے کے مترادف ہے، میں جاوید لطیف کی گرفتاری کی مذمت کرتی ہوں اور ڈٹ کر ظالم حکومت کا مقابلہ کرنے پر انہیں سلام پیش کرتی ہوں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نے کل رات کو شیخوپوہ آنے کا فیصلہ کیا ، میں یہاں نواز شریف اور شہباز شریف کا پیغام لے کر آئی ہوں۔اس حکومت نے جس لیڈر کو چور اور ڈاکو کہا آج اس کا بیانیہ ملک کے کونے کونے میں پھیل چکا ہے اورپاکستان کے کونے کونے سے نوازشریف کے حق میں فیصلے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو آئین و قانون کی بات کرتا ہے اسے غدار ی کا لقب دیا جا تا ہے،وہ کون سا الزام ہے جو انہوں نے نوازشریف پر نہیں لگایا،غداری کا لقب نوازشریف اورمریم نواز کے حصے میں بھی آیا،قانون کی پاسداری غداری ہے تو ہم یہ کرتے رہیں گے۔

ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ نوازشریف سلیکٹڈ تھے نہ ہی کسی کے کندھے استعمال کر کے وزیرعظم بنا تھا،وہ عوام کے ووٹ سے منتخب ہوکر وزیراعظم بناتھا،عوام جان گئی ہے کہ آئین کو ماننے والے اور نہ ماننے والے کون ہیں،ڈسکہ میں عوام نے نوازشریف کے بیانیے کے حق میں فیصلہ دیا۔

مریم نواز نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بغض نوازشریف اور بغض ن لیگ میں اداروں پرانگلی اٹھانے والے غدار ہیں،غدار وہ ہے جس نے امریکا میں بیٹھ کر کشمیر کا سودہ کیا اور منہ ولٹکا کر واپس آیا،غدار وہ ہے جو عوام کوایک کلو چینی کے لیے لائن پر لگا دے،غداری اس نے کی جس نے کہا کہ سفارت خانے اچھا کام نہیں کررہے۔

مریم نواز نے کہا کہ دھرتی کا بیٹا جاوید لطیف جلد ہمارے درمیان ہوگا،غداری کے فتوے بانٹنے والو تمہارے فتوں پر اب کوئی یقین کرنے والا نہیں جن کو غدا ر کا لقب دیا گیا ہے عوام نے انہیں ہیرو بنا دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کشتی اب ہچکولے کھا رہی ہے،نالائق حکومت کی وجہ سے عوام کو قیامت ٹوٹ پڑی ہے،کوئی ملک کو مشکلات سے نکال سکتا ہے تووہ نوازشریف ہے،ن لیگ کا سورج ایک بار پھر طلوع ہونے کو ہے،میں ہر اس شخص کے ساتھ ہوں جو نوازشریف کے بیانیے کے ساتھ کھڑا ہے۔

مزید :

قومی -