کوئٹہ میں گوشت کی من مانے داموں پر فروخت جاری ، بکرے اور مرغی کے گوشت کی قیمتیں سن کر ہی ہوش اڑ جائیں
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی مرغی، بکرے اور گائے کے گوشت کی من مانے داموں پر فروخت جاری ہے جبکہ مرغی کا گوشت مہنگا ہونے سے عام شہریوں کی دسترس سے باہر ہو گیا ہے،ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخوں پر گوشت کی دستیابی یقینی بنانے میں مکمل ناکام ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں عید کے بعد بھی مرغی اور بکرے کے گوشت کی قیمت میں کمی نہ آسکی جبکہ دوسری جانب گائے کے گوشت کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ کر دیا گیا ہے۔شہر میں مرغی کا فی کلو گوشت 500 روپے تک میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ نواحی علاقوں میں مرغی کا فی کلو گوشت 520 روپے تک میں فروخت کیا جا رہا ہے۔اسی طرح بکرے کا فی کلو گوشت 1200 سے 1300 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے، شہر کے بعض علاقوں میں گائے کے گوشت کی فی کلو قیمت میں 50 روپے کا مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں گائے کا گوشت 700روپے فی کلو تک میں فروخت کیا جا رہا ہے۔گائے کے فی کلو گوشت کا سرکاری نرخ 580روپے فی کلو اوربکرے کے فی کلو گوشت کی سرکاری قیمت 1100 روپے مقرر کی گئی ہے۔
دوسری طرف لاہور میں مرغی کا صافی گوشت 570 سے 600 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ مرغی کا بغیر ہڈی والا گوشت 750 روپے فی کلو ہو گیا ہے ۔لاہور میں بکرے کا گوشت 1300 سے لے کر 1500روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔