”عرب اسلاف کی تلوار کے ساتھ صرف ڈانس کرتے ہیں“

”عرب اسلاف کی تلوار کے ساتھ صرف ڈانس کرتے ہیں“
”عرب اسلاف کی تلوار کے ساتھ صرف ڈانس کرتے ہیں“

  

پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی خیبر پختون خوا مشتاق احمد خان نے 30 مئی کو پشاور میں لبیک القدس ملین مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرب اسلاف کی تلوار کے ساتھ صرف ڈانس کرتے ہیں۔

پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران مشتاق احمد خان نے کہا کہ فلسطین انبیاءکرام کی سرزمین ہے جو امتِ مسلمہ کے پاس امانت ہے، اسرائیل کے مظالم نے دنیا کو تیسری جنگ عظیم کے کنارے پر لاکھڑا کیا ہے، مسجدِاقصی اور فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ دل دھڑکتا ہے,بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا تھا، ہم فلسطین میں ہونے والے مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔

مشتاق احمد خان نےکہاکہ غزہ میں فلسطینی عوام پر اسرائیل کی بدترین دہشت گردی نے دنیا کو تیسری جنگ عظیم کی طرف دھکیل دیاہے اور بیت المقدس پر اسرائیلی قبضہ کے نتیجے میں قبلہ اول اور مسلمانوں کے وجود کو خطرہ ہے،اس وقت اسرائیلی فوج کے مطابق 130 جنگی طیارے غزہ کی گیارہ لاکھ آبادی اور 360 مربع کلومیٹر پر جنگی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ ٹینک اور دیگر جنگی سامان اس کے علاوہ ہیں،اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، فلسطین فلسطینیوں کا ہے، قبلہ اول دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے عزت و تقدس کا مرکز ہے، یہ وہ مقام ہے جہاں خاتم الانبیا ء حضرت محمد ﷺ نے تمام انبیاکرامؑ کی امامت فرمائی، آج قبلہ اول، مسجد اقصیٰ صیہونیت کے قبضے میں ہے،قبلہ اول کا تحفظ حرمین شریفین کا تحفظ ہے اور اس کے دفاع سے غفلت حرمین شریفین کے دفاع سے غفلت کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہاکہ فلسطینیوں کے لیے فنڈ جمع کرنے کے لیے غزہ فنڈ قائم کر رہے ہیں، جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے تحت  30 مئی کو پشاور میں لبیک القدس ملین مارچ کا انعقاد کیا جائے گا , ملین مارچ میں خیبرپختونخوا کے لاکھوں غیرت مند عوام شرکت کرکے مظلوم فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں گے، حکومت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے۔

مزید :

علاقائی -خیبرپختون خواہ -پشاور -