ہیلتھ کارڈ سسٹم جاری رہیگا، مریضوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا چاہتے ہیں : سربراہ محکمہ صحت پنجاب

ہیلتھ کارڈ سسٹم جاری رہیگا، مریضوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا چاہتے ...
ہیلتھ کارڈ سسٹم جاری رہیگا، مریضوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا چاہتے ہیں : سربراہ محکمہ صحت پنجاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(  رپورٹ جاوید اقبال/ فوٹو گرافر عمر شریف  )محکمہ صحت کے سربراہ سیکریٹری سپیشلائزڈ ،پرائمری سکینڈری ہیلتھ علی جان خان نے کہا ہے کہ کوشش کی جائے گی کہ مالی سال 23 ،2022 کی صحت کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے، ترقیاتی بجٹ میں بھی اضافہ متوقع ہے . ہسپتالوں پر چھاپوں اور دوروں کا مقصد ہراسمنٹ یا نمبر بنانا یا پوائنٹ سکورنگ نہیں مسائل سے آگاہی حاصل کر نا اور  افسرشاہی کا قبلہ درست کرنا ہے . اگلے ماہ  800 مراکز صحت کے دورے کروں گا اس کا مقصد ہسپتالوں کے اندر مریضوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے میں مدد کرنا ہے یہی پنجاب حکومت کے منشور کا حصہ ہے. وہ  روزنامہ "پاکستان" سے گفتگو کر رہے تھے اس موقع پر  دونوں محکموں کے ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عاصم الطاف ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف اور ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگز ڈاکٹر سہیل احمد اور کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عبدالرؤف بھی موجود تھے ۔سیکریٹری صحت نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر ہر حال میں عملدرآمد کرایا جائے گا تمام ہسپتالوں میں مریضوں کو ادویات مفت فراہم کی جائیں گی خصوصا ایمرجنسی لیبر روم آپریشن تھیٹرز میں مریضوں کو ہر قسم کا علاج معالجہ مفت فراہم کیا جائے گا حوالے سے تمام ہسپتالوں کی انتظامیہ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں علی جان خان نے کہا کہ کل کیا ہوا اس کے ہم ذمہ دار نہیں ہے نئی صبح کا آغاز کر دیا گیا ہے ہر ہسپتال کی انتظامیہ کو بتا دیا ہے کہ مریض ان کے لیے وی آئی پی ہونا چاہیے اور مریضوں کو وی آئی پی کا درجہ ملنا چاہیے صفائی کا نظام بہتر ہونا چاہیے۔ اگرچہ حکومت مالی بحران کا شکار ہے مگر کوشش کریں گے کہ بہتری لائیں اور پر مریض کا بجٹ بڑھائیں۔

ایک اور سوال کے جواب  میں علی جان خان نے کہا کہ وزیر اعلی کے حکم پر ہسپتالوں میں مریض کے مسائل اور زمینی حقائق جاننے کے لیے دوروں کا آغاز کردیا ہے جس کا مقصد بہتری لانا ہے ،ہیلتھ کارڈ کا نظام  جاری رکھیں گے تاہم اس میں مزید بہتری لائی جائے گی ہر ہسپتال میں ہیلتھ کارڈ کاؤنٹر 24 گھنٹے کھلے رہیں گےیہ نہیں ہو سکتا کہ کوئی 2بجے  ہیلتھ کاؤنٹر بند کر کے گھروں کو چلا جائے.

ایک اور سوال کے جواب میں سیکریٹری صحت نے کہا کہ ادویات اور دیگر ساز و سامان کی خریداری کے نظام کو شفاف بنایا جائے گا   ماضی گواہ ہے کہ ہم نے محکمہ صحت پنجاب کے اندر انقلاب برپا کیا .ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سروسز ہسپتال میں ایمرجنسی نئی عمارت بنائی جا رہی ہے جس کے لیے کام جاری ہے بہت جلد وزیر اعلی پنجاب افتتاح کریں گے. ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں یونین بازی کا کوئی کام نہیں یونین سروسز کے اداروں میں نہیں ہونی چاہیے مگر اگر یونین مریضوں کی بہتری کے لیے کام کرے تو بہت اچھا ہے. ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ینگ نرسز ایسوسی ایشن ینگ پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے وجود  حقیقت  ہیں ان  کو مریضوں کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیے جامع تجاویز بھی دینی چاہیئں ۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی انشورنس بہت اچھی  ہے دنیا اسی سکیم کے تحت اپنے مریضوں کا علاج معالجہ کرتی ہے ہم بھی اسے  آگے بڑھائیں گے اور مزید بہتری لائیں گے۔