شادی کے 15 دن بعد شوہر کی موت، خاتون نے بھیس بدل لیا، 30 سال مرد بن کر گزار دیئے
چنائی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست تامل ناڈو کی ایک خاتون نے شوہر کی موت کے بعد 30 سال مرد بن کر گزار دیئے۔
"انڈین ایکسپریس" کے مطابق ایس پیچامل نامی خاتون کی 20 برس کی عمر میں شادی ہوئی اور شادی کے صرف 15 روز بعد ہی اس کے شوہر کا انتقال ہوگیا۔ کم عمری کے ساتھ گزر بسر کیلئے اسے محنت مزدوری کرنا پڑی جس دوران ہراسانی کا سامنا بھی ہوا۔ اس کے بعد خاتون نے فیصلہ کیا کہ وہ مرد بن کر رہے گی، اس کے بعد وہ ایک مندر میں گئی جہاں اس نے اپنے بال کٹوا دیئے اور لڑکوں کی طرح شرٹ اور لنگوٹ پہننے لگی۔ یہاں تک کہ ایس پیچامل نے اپنے شناختی کارڈ پر بھی اپنی شناخت مرد کے طور پر درج کروائی۔
ایس پیچامل کے گھر ایک بیٹی بھی پیدا ہوئی ، اس نے 30 برس تک خود کو مرد بنائے رکھا اور مردوں والے تمام کام کرکے اپنی بیٹی کی پرورش کرتی رہی۔ اب اس کی بیٹی کی شادی ہوئے بھی برسوں بیت گئے ہیں اور اس کی حقیقت بھی دنیا کے سامنے آچکی ہے لیکن اس کے باوجود وہ اپنا حلیہ تبدیل کرنے کو تیار نہیں ہے۔