قمر جاوید باجوہ کو ایکسٹینشن دلوانے میں کتنی سیاسی جماعتیں سہولت کار بنیں؟ حامد میر نے نام بتا دیئے
لاہور ( خصوصی رپورٹ ) سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کو ایکسٹینشن دلوانے میں کن سیاسی جماعتوں نے سہولت کاری کا کردار ادا کیا؟ حامد میر نے ان کے نام بتا دیئے۔اپنے بلاگ بعنوان "چور کو پڑ گئے مور" میں سینئرصحافی و تجزیہ کار حامد میر نےصاف صاف الفاظ میں لکھا ہے کہ افسوس کہ جنرل قمر جاویدباجوہ کو ایکسٹینشن دلوانے میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی پارلیمانی جمہوریت کے دشمنوں کی سہولت کار بن گئیں۔ اسی پر بس نہیں ہوا بلکہ 2022ء میں شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے کے بعد بھی جنرل باجوہ کے حکم پر ہائی کورٹ کے جونیئر ججوں کو سپریم کورٹ میں لانے کے لئے مسلم لیگ (ن) پھر سے باجوہ کی سہولت کار بن گئی۔
مسلم لیگ (ن) جنرل باجوہ کی سہولت کاری نہ کرتی تو آج حالات مختلف ہوتے۔ آج مسلم لیگ (ن) آرمی چیف اور تحریک انصاف چیف جسٹس کی ترجمان بنی ہوئی ہے۔ عمران خان نے سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ سے ریلیف لینے کے بعد آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے خلاف بیان دے کر سیاسی لڑائی کو اداروں کی لڑائی میں تبدیل کردیا ہے۔ کور کمانڈر لاہور کے گھر پر حملے کے بعد حکمران اتحاد نے سپریم کورٹ کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کردیا ہے۔ سیاسی جماعتوں کی لڑائی میں اداروں کا تقدس اور انسانی حقوق دونوں پامال ہو رہے ہیں۔