گلوبل ویلج اور لیپ ٹاپ کی اہمیت:دوسرا مرحلہ

گلوبل ویلج اور لیپ ٹاپ کی اہمیت:دوسرا مرحلہ
 گلوبل ویلج اور لیپ ٹاپ کی اہمیت:دوسرا مرحلہ

  



گلوبل ویلج کے جس دور میں آج ہم زندگی بسر کررہے ہیں اس دور میں دنیا کے ایک کونے سے دوسرے کونے کا فاصلہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مرہون منت ہے ۔ انسانی تاریخ گواہ ہے کہ انسان وقت کے ساتھ ساتھ اپنی ضروریات کو پورا کرنے اور جدید طرز زندگی اپنانے کا خواہش مند رہتا ہے ۔ معاشرے ترقی کرنے کے لیے ہر وقت تگ و دو میں رہتے ہیں ۔جدید ذرائع ابلاغ ، انفارمیشن اور نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے اس دور نے کالے اور گورے ، آزاد اور غلام ، ترقی پذیر اور ترقی یافتہ کے درمیان تفریق ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیاہے ۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بدولت ماضی کے غلام ممالک آج معاشی و معاشرتی ترقی میں دنیا میں اپنی پہچان رکھتے ہیں ۔ دنیا میں ہر لمحہ بدلتی ہوئی صورتحال ، معاشی اتار چڑھا¶ ، حالات وواقعات ،جدید سائنسی علوم اور دیگر پیشہ وارانہ مہارتیں آج کے انسان کی بنیادی ضروریات ہے ۔

تاریخ گواہ ہے کہ گذشتہ پنسٹھ سالوں سے ہمارے ملک پر اشرافیہ کا راج ہے اور تمام نعمتیں اور جدید سہولتیں اشرافیہ کی چوکھٹ پر سلام کرتی ہیں جبکہ غریب آدمی آج بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے ۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں اگر ہم دس سے پندرہ سال پیچھے دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی تک رسائی عام آدمی کے لیے ممکن نہ تھی ۔ لیپ ٹاپ تو دور کی بات کمپیوٹر کا نام بھی غریب آدمی کے لیے حیرت کا باعث بنتا تھا ۔یہ انمول سمجھی جانے والی مشین صرف چند مخصوص مالدار ہاتھوں تک محدود تھی اور کمپیوٹر چلانے والے افراد بہت کم تھے یہی وجہ ہے کہ ہم اور ہمارے جیسے بہت سے افراد کمپیوٹر کی تعلیم سے اس حد تک استفادہ حاصل نہ کر سکے جو وقت کی ضرورت تھی ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی سربراہی میں نوجوان نسل کو انفارمیشن ٹیکنالوجی میں دنیا کے دوسرے ممالک کے مدمقابل کھڑا کرنے کے لیے حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں ہزاروں طلباءو طالبات کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کی طرف جو قدم اٹھایا ہے اس کی مثال ماضی میں کہیں نہیں ملتی ۔ پنجاب کے دور دراز علاقے اورجنوبی پنجاب کے تمام طلباءوطالبات کو بلاتفریق میرٹ پر لیپ ٹاپ دیئے گئے ہیں۔لیپ ٹاپ کی تقسیم اس وژن کی عکاسی کرتی ہے کہ صوبہ بھر میں آئندہ سالوں میںٹیکنالوجی کافروغ ، نوجوان نسل کو گلوبل ویلج میں اہم کردار ادا کرنے میں مددگار ثابت ہو گا ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی میرٹ پر لیپ ٹاپ کی تقسیم کے پروگرام نے نہ صرف طلباءوطالبات میں تعلیمی میدان میں مقابلے کی فضا پیدا کی بلکہ ایسے تمام طلباءوطالبات جو مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے جدید تعلیم سے محروم تھے ان کے لیے تعلیمی میدان میں نئی سمتیںمتعین کی ہیں ۔

حکومت پنجاب کی جانب سے لیپ ٹاپ تقسیم کے پہلے مرحلہ کی کامیابی کے بعددوسرے مرحلہ کا آغاز بہاولپور سے کیاجاچکاہے اس مرحلہ میں مزید ایک لاکھ طلباءوطالبات کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دیئے جا رہے ہیں ۔دوسرے مرحلہ میں سیکنڈ شفٹ کے طلباءوطالبات کے علاوہ اسلام آباد کے مختلف اداروں کے چار ہزار طلباءوطالبات کو لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے ۔واضح رہے کہ لیپ ٹاپ تقسیم کے پہلے مرحلے میں پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں گلگت بلتستان ، اور اسلام آباد کے علاوہ آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلباءوطالبات کو میرٹ پر لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نوجوان نسل کو جدید علوم سے آراستہ کرنے اور زندگی کے ہر شعبے میں ان کی حوصلہ افزائی کرنے میں دن رات مصروف نظر آتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ملک بھر کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کے پوزیشن ہولڈرز طلباءو طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات کی تقسیم ، یورپ اور برطانیہ کی معروف یونیورسٹیوں کے تعلیمی دورے ، لیپ ٹاپ کی تقسیم ، سکالر شپ پروگرام ، دانش سکولز ، کمپیوٹر لیبز ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ غرضیکہ وزیر اعلیٰ پنجاب ہمہ وقت نوجوان نسل کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں رہتے ہیں ۔پنجاب یوتھ فیسٹیول اور انٹرنیشنل یوتھ فیسٹول میں نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کے علاوہ دنیا بھر سے 26

ممالک کے کھلاڑیوں کی شرکت نے وزیراعلیٰ کے اس وژن کی عکاسی کی ہے کہ ملک کا مستقبل نوجوان نسل کے ہاتھوں میں ہے اور یہ ہاتھ جتنے مضبوط ہونگے ہمارا مستقبل اتنا ہی شاندار ہو گا۔

امید کی جاتی ہے کہ حکومت پنجاب کے تمام ترقیاتی کام بالخصوص نوجوان نسل سے منسلک سرگرمیاں اس ملک سے جہالت ، بے روزگاری ، انتہا پسندی کے اندھیروں کو ختم کر کے نوجوان نسل کو روشن مستقبل اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔٭

مزید : کالم