فٹ بال چمپئن شپ ‘ افغانستان مالدیپ سے شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر

فٹ بال چمپئن شپ ‘ افغانستان مالدیپ سے شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر

  

 اسلام آباد( این این آئی)تیسری ساف ویمن فٹ بال چیمپیئن شپ میں افغانستان کی ٹیم مالدیپ کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ۔ٹورنامنٹ کے پانچویں روز افغانستان اور مالدیپ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں مالدیپ کی ٹیم نے ایک سخت مقابلے کے بعد افغانستان کی ٹیم کو ایک گول سے ہرا دیا ،افغانستان کی ٹیم کوئی بھی گول کرنے میں ناکام رہی۔ میچ کے 28ویں منٹ میں مریم رفا نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ہاف ٹائم تک مالدیپ کو ایک گول کی برتری حاصل تھی،دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی بہت کوششیں کیں لیکن ان کی یہ کوششیں بارآور ثابت نہ ہو سکیں،افغانستان کی گو ل کیپر ودا نے زخمی ہونے کے باوجود اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مالدیپ کے کئی یقینی گول روک لیئے۔میچ کے اختتام تک سکور ایک۔صفر ہی رہا۔ میچ کمشنر کے فرائض رﺅف باری نے انجام دیئے۔میچ کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے افغانستان کی گو ل کیپر ودا نے کہا کہ سر پر چوٹ لگنے کے باوجوداپنے ملک کیلئے میچ کھیلنا پسند کیا،میں سویڈن سے آکر اپنے ملک کی ٹیم کا حصہ بنی،سویڈن اور افغانستان کے کھیل میں بڑا فرق ہے۔

،یہاں پہ فٹ بال کے شائقین نے ہماری بڑی حوصلہ افزائی کی ،یہاں پررہائش اور کھانے کے معاملہ پر مطمئن ہوں۔مالدیپ ٹیم کی کپتان فادوا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا میچ بڑا سخت تھا تاہم ہماری کھلاڑیوں نے اچھا کھیل پیش کیا لیکن کئی یقینی گول مس کیئے۔انڈین ٹیم کیساتھ میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے اس نے کہا کہ انڈین ٹیم چیمپیئن ہے ہم نے ان کے خلاف دفاعی حکمت عملی اختیار کی تاہم انڈین ٹیم ہپم سے مضبوط ٹیم ہے۔مالدیپ کی جاپانی ہیڈ کوچ نائکوکاواموٹونے کہا کہ میں 15سال تک جاپان کی طرف سے فٹ بال کھیلتی رہی ہوں ،مالدیپ کی کوچنگ ایک ماہ قبل شروع کی ہے اور مستقبل میں اس ٹیم کو دیگر ٹیموں کے ہم پلہ کردونگی۔انہوں نے رہائش اور بہترین کھانے کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -