ورلڈ کپ کیلئے ٹیم میں جگہ بنانے کے لئے محنت کر رہا ہوں،جیمز ٹیلر

ورلڈ کپ کیلئے ٹیم میں جگہ بنانے کے لئے محنت کر رہا ہوں،جیمز ٹیلر

  

لندن (اے این این )انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے بلے باز جیمز ٹیلر نے کہاہے کہ کیون پٹرسن کی جانب سے کی جانے والی تنقید کو مثبت انداز میں لیتے ہوئے کرکٹ کے عالمی کپ ٹیم میں جگہ حاصل کرنے کیلئے بھر پور محنت کررہے ہیں ۔ انگلینڈ ٹیم کے بلے باز کیون پٹرسن نے اپنی آب بیتی میں جیمز ٹیلر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کے معیار پر پورا نہیں اترتے۔ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کیون پٹرسن کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کو مثبت انداز میں لیتے ہیں اور جب انہوں نے کیون کا یہ بیان پڑھاتو ان کے چہرے پر مسکراہٹ تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو اپنی رائے دینے کا پور احق حاصل ہے اور ماضی میں بھی بہت سارے لوگوں نے میری کارکردگی پر سوالات اٹھائے اور اسی طرح کیون پٹرسن نے بھی کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ کبھی بھی اس طرح کے بیان سے پریشان نہیں ہوئے بلکہ اس سے ان کا حوصلہ مزید بڑھا اور اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا ۔ انہوں نے کہاکہ انہیں پوری امید ہے کہ وہ اگلے برس کھیلے جانے والے کرکٹ کے عالمی کپ کے لئے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے اور انگلینڈ کو ورلڈ کپ میں کامیابی سے ہمکنار کریں گے ۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -