تعلیمی اداروں کے ملازمین کو بے روز گار نہیں کیا جائے گا ، صدیق الفاروق
لاہور ( وقائع نگار )متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کے کسی ملازم کو بے روز گار نہیں کیا جائے گا ،یہ بات انہوں نے حضرت عائشہ صدیقہ گرلز ڈگری کالج اور نواز شریف ماڈل ہائی سکول کے اچانک دورہ کے موقع پر اساتذہ و دیگر سٹاف سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،انکا مزید کہنا تھا کہ ملازمین کو وفاقی حکومت کی مقرر کردہ پالیسی کے مطابق سرکاری چھٹیاں دی جائیں گی ،جبکہ انکے دیگر اہم مسائل بھی جلد حل ہوں گے ،انہوں نے عائشہ ڈگری کالج کے تعلیمی معیار اور کارکردگی کو بھی خوب سراہا اور سائنس لیبارٹری و کمپیوٹر سیکشن کو مزید بہتر بنانے او ر ملازمین کے مسائل جلد حل کرانے کی یقین دہانی کروائی
۔اور کہا کہ میں نے بورڈ کے زیر انتظام پانچوں تعلیمی اداروں کے سربراہان کو اپنی تحریر ی تجاویز کے ہمراہ ملاقات کے لیے بلوا لیا ہے اور میں ہر سکول اور کالج کا خود دورہ کر کے اصل حقائق اور مسائل سے آگاہی حاصل کرکے اپنے تعلیمی ادروں کی مزید بہتری کے لیے ہر ممکن اقدام کرو ں گا چیئر مین بورڈ نے خودکالج سٹاف کی حاضری چیک کی اورکالج کے مختلف حصوں اور شعبوں کا معائنہ بھی کیا اس موقع پر پرنسپل عائشہ ڈگری کالج مسز بشریٰ مجاہد،پرنسپل NSماڈل سکول مسز شاہین اورگلزیر چوہدری سمیت دیگر سٹاف کے افسران و ملازمین انکے ہمراہ تھے ۔