نائجیریا: بوکوحرام نے چیبوک شہر پرقبضہ کر لیا‘6 ہلاک

نائجیریا: بوکوحرام نے چیبوک شہر پرقبضہ کر لیا‘6 ہلاک

  

ابوجا(آن لائن)نائجیریا کے شمال مشرقی شہر چیبوک کے رہائشیوں نے کہا ہے کہ بوکوحرام کے شدت پسندوں نے شہر پر قبضہ کر لیا ہے۔ریاست بورنو کے شہر چیبوک سے فرار ہونے والے شہریوں نے بی بی سی کو بتایا کہ گزشتہ شام کو شدت پسندوں نے حملے کر کے شہر پر قبضہ کر لیا۔ایک سینیٹر نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ چیبوک میں عیسائی آبادی اکثریت میں ہے اور یہاں تعینات سکیورٹی فورسز کے اہلکار بوکوحرام کے حملے کے وقت فرار ہو گئے۔شہر کے رہائشیوں نے صحارا رپورٹرز ویب سائٹ کو بتایا کہ شدت پسندوں نے شہر کے وسط میں پہنچنے پر اعلان کیا کہ وہ اس شہر کو اپنی خلافت کا حصہ بنا رہے ہیں۔چیبوک شہر کا دفاع کرنے والے موسیٰ علی کے مطابق شدت پسندوں نے دو گروپوں میں شہر پر حملہ کیا اور ہم ان کا مقابلہ نہیں کر سکے کیونکہ وہ تعداد میں بہت زیادہ تھے۔’تمام سکیورٹی اہلکار اور فوجی شدت پسندوں پر ایک بھی گولی چلائے بغیر ہمیں شہر میں تہنا چھوڑ کر بھاگ گئے۔

اس کے بعد ہمارے پاس اسلحے کا جتنا بھی ذخیرہ تھا وہ ختم ہو گیا اور ہمارے پاس شہر کا دفاع کرنے کا کوئی راستہ نہیں بچا تھا۔‘ بی بی سی کے مطابق ملک کی فوج متعدد بار شمال مشرقی علاقوں کے شہروں اور دیہاتوں کا دفاع کرنے کا ناکام رہی ہے اور اس وجہ سے بوکوحرام اپنے زیر قبضہ علاقے میں تسلسل سے اضافہ کر رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ نائجیریا میں ہر آنے والے ہفتے میں بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے تاہم سیاسی قیادت کی زیادہ توجہ آئندہ سال کے انتخابات پر مرکوز ہے۔بوکوحرام نے حالیہ ہفتوں میں نائجیریا کے شمال مشرقی علاقوں میں کئی قصبوں اور دیہات پر قبضہ کیا ہے۔جبکہ چیبوک سے ہی اغوا کی جانے والی اغوا کی جانے والی 200 سے زیادہ سکول کی طالبات اب بھی بوکو حرام کی تحویل میں ہیں۔یادرہے کہ سنہ 2009 میں مسلح بغاوت کے آغاز کے بعد سے نائجیریا کی حکومت بوکوحرام پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔بوکو حرام کے خلاف بین الاقوامی سطح پر اس وقت آواز اٹھائی گئی تھی جب انھوں نے چیبوک شہر سے 14 اپریل کو 200 سے زیادہ طالبات کو اغوا کر لیا تھا جبکہ امریکہ، چین، برطانیہ اور فرانس ان لڑکیوں کی بازیابی میں نائجیریا کی حکومت کی مدد کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں نائیجیریا کے شہرکانومیں خودکش حملے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک جبکہ5 زخمی ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق ایک خود کش بمبارنے بارود سے بھاری گاڑی سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوئے۔حملے کی ذمے داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی تاہم کانو شہر میں دہشتگرد تنظیم بوکو حرام کی جانب سے حملوں کا سلسلہ 5سال سے جاری ہے۔

مزید :

عالمی منظر -