امریکہ نے روس پر معاشی پابندیاں عائد کر کے غلطی کا ارتکاب کیا ،ولا دیمیر پوٹن

امریکہ نے روس پر معاشی پابندیاں عائد کر کے غلطی کا ارتکاب کیا ،ولا دیمیر پوٹن

  

ماسکو (این این آئی) روسی صدر ولا دیمیر پوٹن نے امریکہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے روس پر معاشی پابندیاں عائد کر کے غلطی کا ارتکاب کیا ہے ۔ ایک انٹرویو میں ولادیمیر پوٹن نے کہا کہ یوکرائن کے معاملے پر امریکہ اور یورپی یونین کی جانب سے روس پر عائد کردہ معاشی پابندیاں نہ صرف روس بلکہ عالمی معیشت کے لیے بھی نقصان دہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اثاثے منجمد کرنے، ویزے پر پابندیاں عائد کرنے اور روسی کمپنیوں کی مغربی معاشی مارکیٹوں اور ٹیکنالوجی تک رسائی کو روکنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ روسی صدر نے کہاکہ یہ حق صرف اقوامِ متحدہ کے پاس ہے اور اقوامِ متحدہ کے علاوہ کوئی بھی روس پر یہ پابندیاں عائد نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ جی 20 میٹنگ کے دوران روس پر عائد کردہ پابندیوں کا معاملہ نہیں اٹھاؤنگا ،انہوں نے کہا کہ یوکرائن معاملے پر روس کی پالیسی میں تبدیلی کیلئے امریکہ اور یورپی یونین کی جانب سے روس پر عائد معاشی پابندیوں اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث روس کی معیشت کو دھچکا لگا ہے لیکن ہمارے پاس اتنے ذخائر موجود ہیں کہ معاشی ذمہ داریوں سے بآسانی عہدہ برا ہوسکیں۔

مزید :

عالمی منظر -