ہسپانوی بینک بی بی وی اے کا پرتگال میں نصف شاخیں بند کرنے کا فیصلہ
میڈرڈ(آن لائن)ہسپانوی بینک بی بی وی اے نے پرتگال میں اپنی نصف شاخیں بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے،بنک پرتگال میں ایک چوتھائی ملازمین فارغ کر دے گا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سپین کا مارکیٹ ویلیو کے لحاظ سے دوسرا سب سے بڑا بینک بی بی وی اے پرتگال میں اپنی نصف شاخیں بند کرے گا اور ملک میں اپنے عملے کا ایک چوتھائی حصہ فارغ کر دے گا۔ منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 81 میں سے 43 شاخیں بند کی جائینگی اور 177 ملازمین کو فارغ کیا جائے گا۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب بی بی وی اے کو گزشتہ سال پرتگال میں 111 ملین یوروز کا نقصان اٹھانا پڑا۔ پرتگال نے مئی میں ایک پرکشش 78 ارب یورو کی بیل آوٹ سکیم متعارف کرائی جو کہ 2008ءکے مالیاتی بحران کے تناظر میں اس کے بری طرح سے متاثر ہونیوالے بینکنگ شعبے کے لئے تھی۔ بی بی وی اے کا گزشتہ ماہ کہنا تھا کہ رواں ماہ کے ابتدائی 9 ماہ میں مندی کے باوجود 2013ءمیں زبردست فوائد کے بعد تیسری سہ ماہی میں اس کا منافع تین گنا تک بڑھ گیا تھا ۔