پی ٹی سی ایل اور سی اے اے کے درمیان معاہدہ طے پا گیا
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈنے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کےساتھ مینجڈ ماڈل کے طور پرآئی سی ٹی خدمات کی فراہمی اور قومی سطح پر اس کے انتظام کے معاہدے پر دستخط کردیئے ۔پی ٹی سی ایل کے چیف ڈیجیٹل سروسز آفیسر کمال احمد اورسی اے اے کے ڈپٹی ڈائرکٹر جنرل ایئر وائس مارشل خاور حسین نے کراچی میں سول ایوی ایشن کے ہیڈ کوارٹر میں جدید ترین کمیونیکیشن سسٹم کے قیام کے معاہدے پر دستخط کئے۔ پراجیکٹ سے پاکستان سول ایوی ایشن ریڈار سائٹ اور ایئر پورٹ پر فاضل بوجھ کے مقابلے میں ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو ڈیٹا کی بروقت وصولی اور ٹرانسمیٹنگ کی تیز تر اور قابل اعتماد انداز میں مدد ملے گی۔نئے سسٹم کے نفاذ سے ائر ٹریفک کنٹرولرز اور پائلٹ کے درمیان آواز کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ ائر وائس مارشل خاور حسین نے کہا کہ نیا نظام پاکستان ائر اسپیس کو نہ صرف زیادہ محفوظ اور بے خطر بنائےگا بلکہ یہ جدید ترین ٹیکنالوجی کے حصول کا ذریعہ بھی ثابت ہوگا۔پی ٹی سی ایل کے چیف ڈیجیٹل سروسز آفیسر کمال احمد نے کہا کہ ہم سول ایوی ایشن اتھارٹی کےساتھ شراکت پر خوش ہیں اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے پی ٹی سی ایل کے جدید ترین ICT انفرا اسٹرکچر اور خدمات پر اعتماد کےلئے سی اے اے کی تعریف کرنا چاہیں گے۔پی ٹی سی ایل ، سول ایوی ایشن اتھارٹی کےلئے اس طرح کی حکمت عملی اور جدید مواصلاتی نظام فراہم کرنے کی مکمل صلاحیت کی حامل ہے۔