سمگلنگ اور نان ڈیوٹی پیڈ اشیاءکی فروخت میں ملوث تاجروں کیخلاف کاروائی کا فیصلہ
اسلام آباد(آن لائن)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے اشیاءکی اسمگلنگ اور مقامی سطح پر تیار ہونے والی نان ڈیوٹی پیڈ اشیا کی فروخت میں ملوث تاجروں کے خلاف کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف بی آر کے ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو اور ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کسٹمز کی ٹیمیں مشترکہ طور پر اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کریں گی اور ایسے تاجر، ڈسٹری بیوٹرز، ہول سیلرز، دکاندار جو اسمگل شدہ اشیا کی تجارت میں ملوث ہیں ان کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔اس بارے میں ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر نان ڈیوٹی پیڈ اشیا تیار کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی اور کارروائی کے دوران برآمد ہونے والی اشیا کو ضبط کرکے ذمے داروں کو جرمانے اور سزائیں دی جائیں گی، علاوہ ازیں ان کے ذمے واجب الادا ٹیکس کے تعین کے لیے فزیکل آڈٹ بھی کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے ملک میں اسمگل شدہ اشیا کی تجارت اور نان ڈیوٹی پیڈ اشیا کی مینوفیکچرنگ کے حوالے سے ڈیٹا اکھٹا کرلیا ہے اور اس غیرقانونی تجارت میں ملوث عناصر کی فہرستیں مرتب کی جارہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کے بعد ملک گیر آپریشن شروع کردیا جائے گا۔