پاکستانی بچے نے پاکستانی بچے کا ہی ریکارڈ توڑ دیا

پاکستانی بچے نے پاکستانی بچے کا ہی ریکارڈ توڑ دیا
پاکستانی بچے نے پاکستانی بچے کا ہی ریکارڈ توڑ دیا

  

لندن (نیوز ڈیسک) پاکستانی ٹیلنٹ کو جب بھی آگے بڑھنے کے موقع میسر آئے ہیں تو دنیا کے ترقی یافتہ ترین ممالک بھی اقوام کے ہونہار فرزندوں کا مقابلہ نہیں کرسکے۔اس کی تازہ ترین مثال ننھے ہیرو ایان قریشی کی صورت میں سامنے آئی ہے جس نے محض پانچ سال کی عمر میں مائیکروسافٹ سرٹیفائڈ پروفیشنل (MCP) کا بین الاقوامی امتحان پاس کرکے نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ایان جب اپنے والد عاصم کے ساتھ کمرہ امتحان میں پہنچے تو سب یہ سن کر حیران رہ گئے کہ وہ امتحان دینے آئے ہیں۔ ملازمین نے ان کی عمر کو دیکھتے ہوئے انہیں امتحان کی اجازت دینے سے صاف انکار کردیا جس پر ایان کے والد کو مائیکرو سافٹ سے رابطہ کرنا پڑا جہاں سے تصدیق کردی گئی کہ وہ امتحان دے سکتے ہیں۔ لاہور میں پیدا ہونے والے اس بچے نے مشکل امتحان دئیے گئے وقت سے پہلے ہی مکمل کرلیا جبکہ امتحان میں شامل اکثر نوجوان امیدوار ابھی بھی تیزی سے اسے مکمل کرنے کی کوشش میں مصروف تھے۔

تینتالیس سالہ عاصم نے بتایا کہ ان کے بیٹے نے تین سال کی عمر سے ہی کمپیوٹر میں دلچسپی لینا شروع کردی اور اس کی قابلیت دیکھتے ہوئے انہوں نے اسے مائیکرو سافٹ کے امتحان کیلئے تیار کرنا شروع کردیا۔واضح رہے کہ اس سے پہلے یہ اعزاز چھ سالہ مہروزیاور کے پاس تھا اور ان کا تعلق بھی پاکستان سے ہے یعنی ایک پاکستانی کا ریکارڈ بھی ایک پاکستانی بچے نے ہی توڑا۔

مزید :

عالمی منظر -